‘بینظیر نے کبھی پارٹی اجلاس دبئی میں نہیں کیے‘
کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے ناراض رہنما اور سندھ کے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو کے دور میں کبھی پارٹی اجلاس دبئی میں نہیں ہوا، جلد بڑی قربانی ہونے والی ہے۔
کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے سندھ کے سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ ان دنوں پیپلز پارٹی کے اجلاس دبئی میں ہو رہے ہیں لیکن بینظیر بھٹو نے کبھی پارٹی اجلاس دبئی میں نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے سنجیدہ نہیں۔
مزید پڑھیں : نقاب پوش کمانڈوز کی کارروائی
سندھ حکومت کے حوالے سے ذوالفقار مرزا کا دعویٰ تھا کہ اسے جلد دھکے دے کر نکال دیا جائے گا۔
عید پر سیکیورٹی کے حوالے سے اقدامات پر انہوں نے کہا کہ اس بار رینجرز نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کو کھالیں جمع نہیں کرنے دیں۔
خیال رہے کہ ذوالفقار مرزا کی جانب سے پیپلز پارٹی اور آصف علی زرداری پر تنقید کے بعد سے دہشت گردی کے کئی مقدمات قائم کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں : ذوالفقارمرزاکےخلاف ساتواں مقدمہ
پیپلز پارٹی کے ناراض رہنماء سابق صدر آصف علی زرداری اور دیگر رہنماؤں پر متعدد الزامات لگائے۔
آصف علی زرداری نے 15 معصوم لوگوں کا قتل کیا ہے۔
ایان علی کو وی آئی پی پروٹوکول کے ساتھ بلاول ہاؤس لایا اور لے جایا جاتا تھا ان کے ذریعے بیرونِ ملک جانے والی رقم آصف زرداری کی تھی۔
آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے کرپشن کے قصے سُن کر بلاول شدید ذہنی صدمے سے دوچار ہیں
فریال تالپور کو 'پھولن دیوی' کا لقب دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے ملازمین بھی فریال تالپر کو 'پھولن دیوی' کہتے ہیں۔
شرجیل میمن کرپشن میں اول نمبر پر ہیں جبکہ باقی میں کانٹے کا مقابلہ ہے ۔
پیپلز پارٹی اب پیپلز پارٹی نہیں رہی اور اب یہ ایک 'کٹر زرداری لیگ' بن چکی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء الطاف حسین کی اصلیت اور ان کا منصوبہ ظاہر کرنے سے مجھے میرے کئی قریبی ساتھیوں نےروکا۔
مجھے بکتر بند گاڑی میں ڈال کر زہریلا انجکشن لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے.
یاد رہے کہ 4 مئی کو بدین میں اپنی رہائشگاہ پر ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار مرزا نے پارٹی کے ساتھ کسی بھی قسم کی مفاہمت کے امکان کو یکسر مسترد کردیا تھا۔