آرمی چیف کی خصوصی اولمپکس کے کھلاڑیوں سے ملاقات
راولپنڈی: آرمی جنرل راحیل شریف نے 2015 اسپیشل اولمپکس میں حصہ لینے والے پاکستانی دستے کےآٹھ کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔
پاکستان کے 55 ارکان پر مشتمل دستے نے رواں سال لاس اینجلس گیمز میں حصہ لیتے ہوئے 35 تمغے جیتے تھے۔
جنرل راحیل نے منگل کو ہونے والی ملاقات میں خصوصی اولمپکس کے دوران پاکستانی دستے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ’ہماری نوجوان نسل باصلاحیت ہے اور پوری قوم کو اپنے مستقبل کے ہیروز پر فخر ہے‘۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جنرل راحیل نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے مختلف کھیلوں کے دوران مشکل چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے تمام رکاوٹیں عبور کیں اور اپنی شاندار پرفارمنس کی بدولت ’سبز پرچم ‘ کو سربلند کیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے 9 کھیلوں میں حصہ لیتے ہوئے 8 میں تمغے جیتے اور صرف سائیکلنگ میں انہوں نے 6 ٹاپ پوزیشنز حاصل کیں۔
خصوصی اولمپکس کا آغاز 1968 میں ہوا اور یہ امریکی صدر جان کینیڈی کی بہن اینیس کینیڈی شرور کی ذہنی اختراع تھا۔