'پرویز خٹک دھرنے میں لوگ لانے سے منع کرتے تھے'
پشاور: خیبرپختونخوا کے معزول وزیر ضیاء اللہ آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک دھرنے کے دوران انہیں اسلام آباد میں لوگوں کو لانے سے منع کرتے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق معزول وزیر اسپیکر کی جانب سے جاری کردہ پروڈکشن آرڈر پر اسمبلی کے اجلاس میں پیش ہو ئے۔
اسمبلی سے خطاب میں ضیاء اللہ آفریدی نے کہا کہ ان کے خلاف جعلی مقدمات قائم کیے گئے ہیں، عمران خان کور کمیٹی کا اجلاس بلا کر تحقیقات کروائیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن کے الزامات ثابت ہوئے تو وہ پارٹی اور اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہو جائیں گے۔
ضیاء اللہ آفریدی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پرویز خٹک دھرنے کے دوران انہیں منع کرتے تھے کہ دھرنے میں شرکت کے لیے لوگوں کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد نہ لائیں۔
معزول وزیر نے کہا کہ آئی جی خیبر پختونخوا مصنوعی باتیں کرتے ہیں لیکن عملی کام نہیں کرتے، نوشہرہ میں معدنیات کے کیسز میں سات سو چودہ مقدمات درج کرائے ہیں کیوں نہیں پکڑتے۔
تبصرے (1) بند ہیں