کراچی آپریشن:آرمی چیف کی وزیر اعظم سے ملاقات
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی ہے۔
ڈان نیوز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن پر گفتگو کی گئی۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن سمیت سندھ سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ کراچی آپریشن پر کسی قسم کا سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور آپریشن کو مصلحتوں سے پاک رہ کر جاری رکھا جائے گا کیونکہ آپریشن جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کی جا رہی اور کسی بھی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں ہے.
ذرائع نے بتایا کہ مشرقی اور مغربی سرحدوں کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں کرپشن کے خلاف متعدد اقدامات سامنے آئے ہیں، جس میں کراچی میں مختلف اعلی شخصیات کی گرفتاری بھی شامل ہے۔
کراچی میں پیپلز پارٹی کے سابق وزیر اور سندھ کے چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین کو بھی گرفتار کیا گیا۔
اس سے قبل پنجاب میں پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی اسمبلی کے سابق اپوزیشن لیڈر قاسم ضیاء کو گرفتار کیا گیا تھا۔
کراچی سمیت سندھ میں ہونے والی کارروائیوں پر آصف زرداری نے بیان دیا تھا کہ سندھ میں سیاستدانوں اور بیوروکریٹس کو ایف آئی اے اور نیب ہراساں کررہی ہیں، یہ سارے اقدامات سیاسی انتقام کی طرف اشارہ کررہے ہیں۔
دوسری جانب قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور آپریشن خیبر کے بعد آئی ڈی پیز کی واپسی جاری ہے۔
بعض علاقوں میں ابھی بھی شدت پسندوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔