پاکستانی شہریوں پر انڈین فائرنگ بزدلانہ اقدام، آرمی چیف
سیالکوٹ: ورکنگ باؤنڈری پر سیالکوٹ کے مختلف سیکٹرز میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے فائرنگ کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہندوستانی فوج کا پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اقدام اور عالمی کنونشنز اور اقدار کے منافی ہے۔
خیال رہے کہ انڈین فورسز کی جانب سے گذشتہ رات سے جاری فائرنگ اور گولہ باری کے نتیجے میں آٹھ پاکستانی شہری ہلاک جبکہ 46 شدید زخمی ہوچکے ہیں۔
|
پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سیالکوٹ میں ورکنگ باونڈری پر رینجرز ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں انہیں تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
|
اس موقع پر آرمی چیف نے ہندوستان کو منہ توڑ جواب دینے پر رینجرز اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔
|
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ انڈین فوج کی جانب سے پاکستان شہری آبادی کونشانہ بنانا انتہائی بزدلانہ اقدام ہے، ہندوستان نے ورکنگ باونڈری پر فائرنگ کرکے تمام حدود پار کرکے پاکستان کی شہری آبادی کو دہشت زدہ کرنے کی کوشش کی ہے، ہندوستان کا یہ اقدام عالمی کنونشنز اور اقدار کے منافی ہے۔
|
آرمی چیف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی۔
|
اس موقع پر جنرل راحیل شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم کو انڈین فائرنگ پر تشویش
دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے ہندوستانی فائرنگ سے چھ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک اعلامیے میں نواز شریف نے ہندوستان کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے وزارت خارجہ اور دفاع سے انڈیا کے متعلقہ حکام کے سامنے معاملہ اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
محدود جنگ کی کوئی گنجائش نہیں: وزیر دفاع
ادھر وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان پر حملے کا جواب کس طرح اور کس وقت دیناہے، یہ پاکستان کی مرضی ہوگی۔
|
خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر کہا کہ حملے کی صورت میں پاکستان اپنی مرضی اور وقت کےمطابق جواب دےگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان محدود جنگ کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
ہندوستان فوراً امن بحال کرے: سرتاج عزیز
وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی و امور خارجہ سرتاج عزیز نے بھی ہندوستان سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر فوراً امن بحال کرنے اور بلا اشتعال فائرنگ بند کرنے کا مطالبہ کردیا۔
تبصرے (1) بند ہیں