کراچی آپریشن معتصبانہ ہے، الطاف حسین
کراچی:متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے دعوی کیا ہے کہ وہ کسی بھی عدالت میں کراچی آپریشن کو معتصبانہ اورصرف ایم کیو ایم کے خلاف ہونا ثابت کر سکتے ہیں۔
بدھ کی رات لندن سے ٹیلی فون کے ذریعے پارٹی عہدے داروں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ آپریشن کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ایم کیو ایم کے خلاف مبینہ ناانصافیوں کا نوٹس لینے کی درخواست کی۔
الطاف حسین نے کہا کہ آپریشن شروع کرتے ہوئے دعوی کیے گئے کہ یہ کسی سیاسی پارٹی کے خلاف نہیں ہو گا۔تاہم، آرمی چیف کی تمام تر اچھی نیت کے باوجود آپریشن ایم کیو ایم کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 2013 کے بعد سے کسی دوسری سیاسی تنظیم کے صدر دفتر پر چھاپے نہیں پڑے جبکہ ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر دو مرتبہ رینجرز اہلکار چھاپے مار چکے ہیں۔
’کہا جاتا ہے کہ کرپشن کے پیسے سے دہشت گردی کی جا رہی ہے لیکن ملک کے باقی تین صوبوں میں کیوں کسی بدعنوان عنصر کو گرفتار نہیں کیا گیا‘۔
انہوں نے الزام لگایا کہ سادہ کپڑوں میں رینجرز اہلکار اور افسر ایم کیو ایم کارکنوں کی جبری گمشدگی میں ملوث ہیں، لیکن اس کے باوجود ان کی پارٹی کے کسی کارکن نے قانون ہاتھ میں نہیں لیا۔
تبصرے (1) بند ہیں