21سالہ کشمیری کی ہندوستان مخالف ویڈیو
سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں حریت پسندوں کی جانب سے فوج کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور عسکری جدوجہد میں دن بہ دن اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
گزشتہ کچھ عرصے سے کشمیر میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں شدت آنے کے ساتھ ساتھ پاکستانی پرچم لہرانا بھی معمول بن چکا ہے.
ہندوستانی میڈیا کے مطابق حزب المجاہدین کے کشمیر کے کمانڈر نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں وہ نوجوانوں کو کشمیر کی آزادی کی جنگ میں حصہ لینے کی دعوت دی رہے ہیں۔
برہان وانی کے حوالے اطلاع دینے والے کیلئے 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا گیا ہے ۔۔۔ فوٹو: بشکریہ انڈین ایکسپریس |
یہ پہلا موقع ہے کہ کشمیر کی کسی عسکری تنظیم کی جانب سے باقاعدہ طور پر نوجوانوں کو عسکری کارروائیوں میں حصہ لینے کی دعوت دی گئی ہے۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق ویڈیو میں حزب المجاہدین کے 21 سالہ کمانڈر برہان مظفر وانی عرف عارف خان کو 2 دیگر نوجوانوں کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔
برہان مظفر وانی کے پیچھے کھڑے نوجوانوں کلاشنکوف بھی اٹھائے ہوئے ہیں جبکہ وانی کا اسلحہ سامنے میز پر رکھا ہوا ہے۔
ویڈیو میں برہان مظفر وانی کا کہنا ہے کہ وہ اپنے عزیزوں اور عیش و آرام کی زندگی ترک اور اپنا مستقبل قربان کرکے میدان عمل میں اس لیے ہیں تاکہ قوم کی ماؤں بہنوں کی عصمتوں کی حفاظت کر سکیں۔
برہان مظفر کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ کشمیر میں ہندوستانی فورسز کے مخبروں کو آخری وارننگ دے رہے ہیں کیونکہ آئندہ ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
ویڈیو میں دیگر 2 مسلح نوجوان بھی موجود ہیں ۔۔۔ فوٹو: اسکرین گریب |
انہوں نے کشمیر کی عوام سے ہندوستان کا مکمل طور پر بائیکاٹ کرنے کی اپیل کی۔
پولیس اہلکاروں کے حوالے سے وانی نے کہا کہ "کشمیر میں عام لوگوں کو تنگ کیا جا رہا ہے، ہمارے عزیزوں کو پریشان کیا جاتا ہے، اگر ہم چاہیں تو ان کے گھر والوں تنگ کر سکتے ہیں، ان کو غیر محفوظ کر سکتے ہیں لیکن ہمیں شریعت اجازت نہیں دیتی کے پولیس والوں کے گھر والوں کو پریشان کریں، ہم ان کے گھر والوں کو بھی اپنے گھر والوں سے تعبیر کرتے ہیں"۔
برہان وانی کے بھائی خالد وانی ایم ایس ای کے طالب علم تھے ۔۔۔ تصویر بشکریہ ممبئی مرر |
خیال رہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے برہان مظفر وانی کے بھائی محمد خالد وانی کو رواں سال 14 اپریل کو ہندوستانی فوج نے ترال کے علاقے میں ایک 'جعلی مقابلے' میں ہلاک کر دیا تھا. خالد حسین ایم ایس کے طالب علم تھے ان کے ہمراہ ان کے ایک دوست کو بھی ہلاک کیا گیا۔
ممبئی مرر کی رپورٹ کے مطابق برہان مظفر وانی کے والد مظفر احمد وانی کا کہنا تھا کہ خالد گھر سے اسی وقت گیا تھا، اس کو جعلی مقابلے میں ہلاک کیا گیا۔
ہندوستانی فوج کی جانب سے حزب المجاہدین کے 21 سالہ کمانڈر کی کسی بھی قسم کی اطلاع دینے والے لیے 10 لاکھ روپے انعام دینے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کے کشمیر میں حالیہ دنوں میں ایک بار پھر مسلح جدو جہد تیز ہو گئی ہے، کچھ عرصہ قبل بھی ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے مسلح حریت پسندوں کی تصاویر سامنے آئی تھیں۔
کشمیر میں ہندوستانی فوج پر حملوں میں بھی اضافہ ہوا ہے جن میں متعدد فوجیوں کی ہلاکت ہوئی۔
تبصرے (3) بند ہیں