وسیم سال میں دو مرتبہ باؤلرز کی تربیت کیلئے تیار
کراچی: عظیم فاسٹ باؤلر اور قومی ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم نے باصلاحیت اور نوجوان ابھرتے ہوئے فاسٹ باؤلرز کی ہر سال دو مرتبہ تربیت کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔
اس کا بات کا اعلان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) شہریار خان نے کراچی میں وسیم اکرم کی زیر نگرانی جاری فاسٹ باؤلر کے تربیتی کیمپ کے اختتام پر نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر وسیم اکرم، کیمپ کے کمانڈنٹ محمد اکرم اور اسپانسر کے نمائندہ فلپ شن بھی موجود تھے۔
اس موقع پر شہریار نے باؤلرز کی تربیت کیلئے رضامندی ظاہر کرنے پر سابق فاسٹ باؤلر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اس کاوش سے مستقبل میں پاکستانی فاسٹ باؤلنگ کے معیار میں اضافہ ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وسیم کی دستیابی سے پاکستان کرکٹ کو فائدہ ہو گا۔ یہ ہمارے لیے بہت بڑی خبر ہے کیونکہ نوجوانوں کو تربیت کی فراہمی کیلئے وسیم اکرم جیسے باؤلر کی خدمات ملنے سے ہماری فاسٹ باؤلنگ یقینی طور پر بہتر ہو گی۔
’میں وسیم اکرم کو 1999 سے جانتا ہوں جب انہوں نے دورہ ہندوستان میں ٹیم کی قیادت کی جہاں میں ٹیم منیجر تھا اور اس کے بعد سے ان سے اچھا تعلق قائم رہا۔ میری ان سے حالیہ ورلڈ کپ میں ملاقات ہوئی تاکہ معلوم کر سکوں کہ وہ کیمپ کیلئے دستیاب ہیں یا نہیں‘۔
’جیسے ہی اس وقت وسیم نے مجھے بتایا کہ وہ اگست میں فارغ ہیں، ہم سب نے اس شاندار کیمپ کے انعقاد کا فیصلہ کیا، اس طرح کے عظیم کرکٹر کا ملنا پاکستان کرکٹ کی بہت بڑی خوش قسمتی ہے۔
شہریار خان نے کہا کہ وسیم ہمیشہ سے پاکستان کرکٹ کی خدمت کرنا چاہتے تھے اور اس مرتبہ ہم بہت خوش ہیں کہ وہ ہمارے نوجوان باصلاحیت باؤلرز کو سال میں دو مرتبہ تربیت کی فراہمی کیلئے فوری طور پر تیار ہو گئے۔
اس موقع پر ایک بار پھر انہوں نے پاکستانی کھلاڑیوں کی فٹنس کو دنیا میں سب سے خراب قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس کھلاڑی کی فٹنس عالمی معیار کے مطابق نہیں ہو گی، اس کیلئے ناصرف قومی ٹیم بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کوئی جگہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے ریجنل سطح پر بھی سلیکٹرز کو ہدایت کردی ہے کہ ایسے کھلاڑی کا انتخاب نہ کیا جائے جس کا فٹنس لیول اچھا نہ ہو، ہمارے ملک میں بہت باصلاحیت کھلاڑی ہیں لیکن اگر کوئی فرد اپنی فٹنس پر توجہ نہ دے تو اس کی فیلڈ میں ضرورت نہیں۔
اس موقع پر وسیم اکرم نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 17 باؤلرز کو تربیت فراہم کرنا ایک اعزاز ہے، میں نے گزشتہ 13 دن کے دوران ہر لمحے کو بھرپور انجوائے کیا، میں نے تربیت حاصل کرنے والے لڑکوں کی آنکھوں میں جو جذبہ دیکھا وہ بہت شاندار تھا۔
عالمی کرکٹ میں 916 وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ان لڑکوں میں سیکھنے کا جذبہ اور تڑپ تھی، پسماندہ علاقوں سے یہاں آنا اپنے آپ میں ایک بڑا کام ہے اور ان نوجوانوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ پاکستان باصلاحیت لوگوں سے مالا مال ہے۔
وسیم نے کہا کہ میں مستقبل میں ہونے والے کیمپ کیلئے اپنی دستیابی ظاہر کرنے پر بہت خوش ہوں کیونکہ میرے خیال میں آج میں جو کچھ بھی ہوں وہ پاکستان ہی کی وجہ سے ہوں۔
تبصرے (1) بند ہیں