• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

'جن کو عشق ہو گیا ہے'

شائع August 10, 2015 اپ ڈیٹ June 30, 2016
پاکستان میں ذہنی امراض کے شکار زیاد تر لوگ مدد حاصل نہیں کر پاتے، کیونکہ ان کی بیماری کو بیماری سمجھا ہی نہیں جاتا۔ — Creative Commons
پاکستان میں ذہنی امراض کے شکار زیاد تر لوگ مدد حاصل نہیں کر پاتے، کیونکہ ان کی بیماری کو بیماری سمجھا ہی نہیں جاتا۔ — Creative Commons

"تم ایک اچھی طالبہ ہو، تمہارے گریڈز بھی اچھے ہیں، تمہیں تو کسی بھی اسپیشلائزیشن میں داخلہ مل سکتا ہے۔ تم خود کو تباہ کر رہی ہو۔"

"اوہ! اگر تم نفسیات پڑھنا چاہتی ہو تو اس کا مطلب ہے کہ تمہیں خود بھی مدد کی ضرورت ہے۔"

"اگر تم ابھی پاگل نہیں ہو تو تعلیم مکمل کرنے تک ضرور پاگل ہو جاؤ گی۔"

یہ صرف وہ چند جملے ہیں جو میرے آس پاس کے لوگوں نے مجھے تب کہے جب میں نے انہیں ماہرِ نفسیات بننے کے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا۔ جب میں "بالکل کھو چکی تھی" تب یہ لوگ میری رہنمائی اس طرح کر رہے تھے۔

میں نے اسے جہالت، اور ذہنی بیماریوں کے بارے میں بدگمانی تصور کرتے ہوئے اپنے والدین اور بہن کی مدد سے ایک ایسے کریئر کا انتخاب کیا جسے بہت سے لوگ نہیں جانتے۔

مجھے میڈیکل اسکول سے تعلیم مکمل کیے ہوئے 10 سال ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں تب سے لے کر اب تک بہت کچھ تبدیل ہوچکا ہے، لیکن نفسیات اور نفسیاتی مریضوں کے متعلق نظریات بدلنے کا نام ہی نہیں لے رہے۔

پڑھیے: میں خود کو پاگل نہیں کہلوانا چاہتی تھی

اس مسئلے پر بحث شروع کرنے کی یہ میری کوشش ہے۔ اگر ہم تبدیلی چاہتے ہیں تو یہ بحث نہایت ضروری ہے۔

لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ ماہرِ نفسیات کے دفتر میں نہ پائے جائیں۔ گھر والوں کو اس کام کے لیے ان کی منت سماجت کرنی پڑتی ہے، اور بسا اوقات جھوٹ بولنا پڑتا ہے کہ انہیں کس ڈاکٹر کے پاس لے جایا جا رہا ہے۔ ویسے تو یہ دیہی امریکا میں میرا تجربہ ہے، لیکن پاکستان میں بھی حالات اس سے چنداں مختلف نہیں ہیں۔

یہ حقائق ہیں: عالمی ادارہ صحت (WHO) کے مطابق دنیا بھر میں 45 کروڑ افراد ذہنی بیماریوں کا شکار ہیں۔ ورلڈ بینک کے اندازوں کے مطابق پاکستان کی آبادی ساڑھے 18 کروڑ سے زیادہ ہے، جو کہ پوری دنیا کی آبادی کا 2.65 فیصد ہے۔

لہٰذا یہ منطقی بات ہے کہ کئی پاکستانی ذہنی بیماریوں کے شکار ہوں گے۔ 62 فیصد پاکستانی دیہی علاقوں میں رہتے ہیں، اور ان کی اکثریت تعلیم اور آگہی سے دور ہے۔ مذہب ایک مشترک بات ہے، اور بھلے ہی میں مانتی ہوں کہ مذہب یا سیاست پر بات کرنا شائستگی نہیں ہے، لیکن پھر بھی عام لوگوں کے لیے وبالِ جان بننے والے کسی بھی مسئلے پر بات کرنا مذہب اور سیاست کے پاکستانی روپ پر بات کیے بغیر ممکن نہیں ہے۔

ایک اور حقیقت: کچھ ذہنی بیماریاں خواتین کو مردوں سے دو گنا زیادہ متاثر کرتی ہیں، جن میں ڈپریشن اور اینگزائٹی سرفہرست ہیں۔

لہٰذا حقائق لیں، ان میں تعلیم کی کمی، مذہبی باتیں اور جہالت، توہمات، بڑی بوڑھیوں کی کہانیاں، خواتین کے خلاف نفرت پر مبنی خیالات، اور ترقی کی کمی کو شامل کریں، اور ذہنی بیماریوں کے خلاف پاکستان کے خیالات آپ کے سامنے آجائیں گے:

"سنبھالو اپنے آپ کو"

"لوگ کیا کہیں گے"

"کون شادی کرے گا تم سے، پوری زندگی ہم پر بوجھ بنی رہو گی"

"تم تو پاگل ہو، جاؤ واپس اپنے ماں باپ کے پاس"

"بال کھول کے درخت کے نیچے مغرب کے وقت بیٹھی تھی، جن کو عشق ہوگیا ہے"

مزید پڑھیے: خودکشی کا رجحان: علامات پہچانیے

یہ تمام جملے کسی پر الزام عائد کرنے والے ہیں۔ یا پھر یہ:

"اوہ، یہ تو صرف تمہارے دماغ کی پیداوار ہے"

"اس سے باہر آجاؤ"

"سب کچھ تمہارے پاس ہے، پھر بھی تم ڈپریس کیوں ہو؟"

"صرف اچھا سوچو، اور سب ٹھیک ہو جائے گا"

یہ بدگمانی دیگر طبی مسائل، جیسے کہ شوگر، بلڈ پریشر، یا دل کے امراض کے بارے میں نہیں پائی جاتی۔ اس بارے میں کسی پر الزام عائد کرنے کے بجائے صرف ہار مان لی جاتی ہے:

"اللہ کی مرضی"

"جانا تو سب کو ہے، یہ تو ایک بہانہ ہے"

اس سے بیماری کو خود اپنانے میں مریض کا قصور معاف ہوجاتا ہے۔ کسی بھی بیماری کے لیے اپنے جینز کو ہمیشہ قصوروار قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ شوگر اور بلڈ پریشر کے مریض سماجی طور پر قابلِ قبول رویوں کے مالک ہوتے ہیں، بھلے ہی اس کا مطلب مغز، نہاری، پائے، اور ایسی ہی ہلاکت خیز لذیذ چیزیں کھانا ہو۔

مزید پڑھیے: ڈپریشن کی چند عام علامات

آپ اس سادہ تمثیل پر میرا مذاق اڑا سکتے ہیں:

شوگر کے مریضوں میں ایک اندرونی عضو لبلبہ (pancreas) ہوتا ہے، جو کام کرنا بند کر دیتا ہے۔ یہ انسولین ہارمون پیدا کرنا چھوڑ دیتا ہے، جس سے خون میں شوگر کی مقدار بڑھنے لگتی ہے۔ یہ سچ ہے کہ روز مرہ کے معمول اور خوراک میں تبدیلی، اور ورزش کے ذریعے مدد مل سکتی ہے، لیکن زیادہ تر معاملات میں اینڈوکرائینولوجسٹ دوائیں تجویز کرتے ہیں۔

اسی طرح سے ذہنی بیماریاں بھی ایک عضو (دماغ) سے جڑی ہوتی ہیں، اور اعصابی نظام اور ہارمونز (نیوروٹرانسمیٹرز) کے درست کام نہ کرنے پر یہ بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ یہ سب کچھ کس طرح ہوتا ہے، اس بارے میں بہت سی باتیں ہیں ایسی ہیں جو ہم نہیں جانتے، لیکن ایسا بہت کچھ ہے جو ہم جانتے ہیں۔ اور اسی لیے کئی طرح کے علاج موجود ہیں، جو واقعی کام کرتے ہیں۔

بھلے ہی اپنی زندگی میں مثبت تبدیلیاں لا کر بیماری کی علامات کو کم کیا جا سکتا ہے، مگر بیماری سے "باہر نکلنا" ممکن نہیں ہوتا۔ اس میں مریض کی غلطی نہییں ہوتی، اور نہ ہی ان کا کچھ کرنا یا نہ کرنا ذمہ دار ہوتا ہے۔ جس طرح بلڈ پریشر ہونے کا مطلب یہ نہیں کہ آپ برے مسلمان، عیسائی، یا ہندو ہیں، اسی طرح نفسیاتی بیماری کا ہونا بھی آپ کے ایمان کی کمزوری کی علامت نہیں ہے۔

تحقیق نے ثابت کیا ہے کہ دعاؤں اور مراقبے سے ڈپریشن اور اینگزائٹی میں مدد ملتی ہے، لیکن یہی سب کچھ نہیں ہے، اور نہ ہی اس سے سب کچھ ختم ہوسکتا ہے۔

مزید پڑھیے: میں نے ڈپریشن سے کیسے نمٹا؟

بیمار فرد کو بیماری کے بارے میں طعنہ یا الزام دینا، یا شرم دلانا دو اثرات لا سکتا ہے: بہت کم لوگ طعنوں سے بچنے کے لیے مدد حاصل کرنے اور اپنی صحت بہتر بنانے پر آمادہ ہوں گے۔ لیکن اکثریت اپنی بیماری چھپانا چاہے گی۔ وہ مدد مانگتے ہوئے ہچکچائیں گے اور ان کے لیے حالات صرف خراب ہی ہوں گے۔

بدقسمتی سے اس تمام منفی رجحان کا ایک اثر یہ ہوتا ہے کہ لوگ نفسیات کے شعبے سے دور بھاگتے ہیں۔

کئی ذہین لوگ دیگر شعبوں میں اسپیشلائزیشن کر لیتے ہیں، کیونکہ وہ شعبے 'قابلِ قدر' ہوتے ہیں۔ کچھ رپورٹس کے مطابق پاکستان میں ماہرِ نفسیات اور آبادی کا تناسب "5 لاکھ لوگوں کے لیے ایک" کا ہے۔ اس وجہ سے بھی کئی لوگ دیگر راستوں کا انتخاب کرتے ہیں۔

پاکستان میں میرے اعصابی نظام کے معالج ساتھی اس بات کی تصدیق کریں گے کہ ان کے کتنے ہی مریضوں کو ماہرِ نفسیات کی ضرورت ہوتی ہے۔ بھلے ہی یہ ایک ہی عضو (دماغ) سے متعلق ہے، لیکن ماہرِ اعصابی نظام ماہرِ نفسیات کا کام نہیں کر سکتے، بالکل اسی طرح جس طرح ماہرِ اعصابی نظام دماغی سرجن کا کام نہیں کرسکتے۔

ذہنی بیماریاں آپ پر نسل، صنف، عمر، یا قومیت کی تفریق کے بغیر حملہ کرتی ہیں۔ یہ آپ کا راستہ مکمل طور پر روک سکتی ہیں، پھر چاہے آپ بولی وڈ کی اداکارہ ہوں، یا پھر کراچی کے کسی گوٹھ میں پانچ بچوں کے والد۔ اس سے لوگ آپ پر الزامات بھی لگائیں گے اور آپ کے بارے میں بدگمانی پر مبنی آراء بھی قائم کریں گے، جس سے مدد طلبی کا رویہ متاثر ہوسکتا ہے۔

جانیے: ذہنی بیماریاں اور ہماری بے حسی

میں جانتی ہوں کہ پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد ہے، جس تک میرا یہ تبصرہ نہیں پہنچ رہا۔ ان لوگوں میں وہ خاندان شامل ہیں جنہوں نے شیزوفرینیا کے مریض رشتہ داروں کو گدو بندر (سر کاوس جی جہانگیر انسٹیٹیوٹ آف سائیکاٹری، حیدرآباد، پاکستان) میں بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے؛ وہ لوگ شامل ہیں جو مزاروں پر اور روحانی لوگوں کے پاس جاتے ہیں تاکہ ان کے پیاروں کو 'جنوں' کے اثرات سے نجات دلائی جائے؛ اور وہ جعلساز جو ان پریشان حال لوگوں سے پیسے نکلوانے کے چکر میں رہتے ہیں۔

لیکن اگر ہم پاکستان کے پڑھے لکھے طبقے کے ذہنی بیماریوں کے بارے میں پہلے سے قائم شدہ خیالات تبدیل کر سکیں، تو بھی یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہوگی۔

اگر آپ میں سے ایک شخص بھی یہ پڑھتا ہے، اور یہ سمجھتا ہے کہ یہ آپ کی غلطی نہیں، اور آپ کو مدد کی ضرورت ہے؛ اگر آپ میں سے ایک بھی شخص میڈیکل کے طالبعلم کی نفسیات پڑھنے کے لیے حوصلہ شکنی کرنے کے بجائے حوصلہ افزائی کرتا ہے، تو یقین مانیے کہ ہم ضرور تبدیلی دیکھیں گے۔

انگلش میں پڑھیں۔


ڈپریشن کا اسکریننگ ٹیسٹ یہاں لیجیے.

متعلقہ مضامین:

ہر نوکری چھوڑ دینے والے شخص کی کہانی

ڈپریشن کے 12حیرت انگیز اسباب

ڈپریشن سے متعلق 10 غلط فہمیاں

فِلزا حسین

فِلزا حسین امریکی ریاست وسکونسن کے مایو کلینک ہیلتھ سسٹم میں ماہرِ نفسیات ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (7) بند ہیں

Usman Aug 10, 2015 03:48pm
بہت ہی اچھی تحریر ہے۔ ہمارے لوگوں میں شعور اجاگر کرنے کی بہت ضرورت ہے کہ نفسیاتی بیماریاں بھی دوسری بیماریوں کی طرح ہیں اور بعض اوقات یہ دوسری بیماریوں سے زیادہ مہلک ثابت ہوتی ہیں۔
Ali Aug 10, 2015 04:12pm
may is baat se bilkul bhi ittefaq nahi karta keun kay may nay apni aankho kay samnay jin aik aurat pay dekha hai chalo mana jin nahi tha to us ki awaz change hogai thi bilkul mardon jay si
نجیب احمد سنگھیڑہ Aug 10, 2015 07:46pm
سکول لائف میں مجھے نفسیات پڑھنے کا چسکہ لگا۔ لائبریری سے نفسیات کی کتابیں گھر لے آتا اور پڑھنا۔ ایک روز ابو جی نے نفسیات کی کتاب دیکھ لی اور کہا کہ نفسیات نہ پڑھا کرو اس سے نفسیاتی مریض بن جاؤ گےاور مجھے ناول،افسانہ پڑھنے کی تلقین کی۔ نفسیاتی کتب کا مطالعہ چوری چوری جاری رکھا اور جب ابو جی کےآنےکا پتہ چلنا تو کتاب سرہانے تھلے رکھ دینی۔سگمنڈ فرائیڈ، ایڈلر، ژونگ، ایرک فرام، رازی، ابن سینا ؤغیرہ کی کتابیں پڑھیں اور ایک درجن خریدی بھی۔کالج میں نفسیات کا مضمون رکھنے کا سوچا مگر ابو جی نےسوشل ورک رکھنےکا مشورہ دیا جسے عملی جامہ پہنایا۔ نفسی بُکس کا مطالعہ جاری رہا تو مجھے خوامخواہ ہر وقت خیالات آنا شروع ہو گئے۔ سر درد میں اضافہ ہو گیا۔میں نے جان لیا کہ یہ نفسیاتی لٹریچر کی کارستانی ہے بس۔ اسکے بعد نفسی بُکس کو اکٹھا کر کے میں نے آگ لگا دی۔ اور پھر سیاسیات، عمرانیات، ناول، افسانے، شاعری، ڈرامہ بُکس کو پڑھا۔ جسکے نتیجہ میں میری سِر پیڑ رفو چکر ہو گئی اور ذہنی طور پر میں ہولا ہو گیا۔ سیانوں کی کہی گئی باتوں کو ایویں ہی رد نہیں کیا جا سکتا، ان میں حقیقت ہوتی ہے اس لیے انہیں پلے باندھنا چاہیے۔
Khurram Kamran Aug 11, 2015 03:10am
Awesome! I totally agree with you. Great effort to change the perception of the educated class. used to live in Chicago (US) & have seen how psychologist and psychiatrist do wonders for people with depression/anxiety. P.S. we can debate some other time for those who still wants to believe in dogmas. Thanks!
Muhammad Ayub Khan Aug 11, 2015 10:13am
behan ji yeh sab parhey likhey log kartey heyN jo aap tajweez kartiy heyN--hum meyn to parhney ka rawaaj bohat kam hey-- humarey haan to yeh halit hey ki eik hi tabeeb (doktor) her bimariy kaa ilaj karta hey--- logoN ko to yeh bhi pataa naheyin ki damaghi imraaz ka bhi doktor/tabeeb hota hey kiya? aor jo damaghi imraaz key chand tabeeb /doktor heyN un ki haalit aor tajaruba bhi bhi qabil i reham hey---------------
ایک قاری Aug 11, 2015 12:17pm
@نجیب احمد سنگھیڑہ بس ایسے ہی چند خیالات آنے پر آپ کو فوراً یقین ہوگیا کہ یہ نفسیاتی لٹریچر کی کارستانی ہے، اور آپ دوسروں کو گمراہ کرنے نکل پڑے کہ نفسیاتی لٹریچر نہیں پڑھنا چاہیے۔ آپ بھی انہی لوگوں کی طرح ہیں جن کا اوپر بلاگ میں ذکر کیا گیا ہے، جن کے نزدیک انسانی نفسیات کی کوئی اہمیت نہیں۔ سیانے کہہ گئے ہیں، کیا مطلب سیانے کہہ گئے ہیں؟ بڑے بوڑھے اور اپنے وقت کے سیانے تو یہ بھی کہتے تھے کہ سورج گرہن کے وقت باہر نہیں نکلنا چاہیے۔ تو کیا جدید سائنس کی روشنی میں وہ سیانے صحیح ہیں یا سائنس؟ اس کے علاوہ اس پر بھی منحصر ہے کہ مضمون کسی گائیڈ یا ٹیوٹر کی رہنمائی میں پڑھا جا رہا ہے یا جو دل میں آئے اٹھا کر پڑھ لیا جائے؟ آپ نے یہی کیا، کہ جو دل چاہا وہ پڑھ لیا، جبکہ یہاں پر بات باقاعدہ سبجیکٹ کے طور پر پڑھنے کی ہو رہی ہے۔
عائشہ بخش Aug 13, 2015 10:58pm
@نجیب احمد سنگھیڑہ : آپ مذاق بہت اچھا کرتے ہیں۔ شاباش

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024