• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

'حالات الطاف حسین کی بدزبانی سے خراب ہوتے ہیں'

شائع August 4, 2015
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ کراچی کے حالات متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کی "بد زبانی" کی وجہ سے خراب ہوتے ہیں.

راولپنڈی پولیس لائنز میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ ایم کیو ایم قائد الطاف حسین نے اپنی تقاریر میں اداروں کی تضحیک کی اور لوگوں کو قتل کی دھمکیاں دیں،ان کی آخری دو تقاریر کے بعد قانونی ریفرنس تیار کیا جارہا ہے، جس میں مجرمیت کا عنصر شامل ہوگا، تاہم اس میں کچھ وقت لگے گا اور میڈیا کو اس کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا.

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ الطاف حسین سے ان کی کوئی ذاتی دشمنی نہیں اور ہم اس معاملے کو سیاسی دنگل نہیں بنانا چاہتے، "الطاف حسین کا کیس سیاسی نہیں عدالتی ہے ".

تاہم انھوں نے واضح کیا کہ اداروں کی حرمت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور نہ ہی پاکستان کے مفادات پر کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا.

یاد رہے کہ الطاف حسین نے دو روز قبل امریکا میں خطاب کے دوران کارکنان پر کراچی میں اقوام متحدہ اور نیٹو افواج بلانے کے لیے زور دیا تھا جبکہ مہاجروں کے قتل عام پر بظاہر ہندوستان سے "مدد" بھی طلب کی، جس کے بعد وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک پریس کانفرنس میں ایم کیو ایم سربراہ کے اس بیان پر شدید تنقید کی تھی، جبکہ ملک بھر کی سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھی انتہائی سخت رد عمل سامنے آیا۔

مزید پڑھیں:'کارکن نیٹو سے کراچی میں فوج بھیجنے کا کہیں'

اس سے قبل الطاف حسین نے 12 جولائی کو بھی اپنے ایک خطاب میں رینجرز کو سیاسی جماعت قرار دیتے ہوئے آرمی چیف سے مطالبہ کیا تھا کہ فوج کے "گندے انڈوں" کے خلاف ایکشن لیا جائے۔

الطاف حسین کی فوج پر تنقید کے بعد ملک بھر میں ان کے خلاف 100 سے زائد دہشت گردی کے مقدمات درج ہوئے۔

پریس کانفرنس کے دوران تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی جانب سے اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کو الطاف حسین کے خلاف ثبوت فراہم کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر سیاست کرنے کی کوئی ضرورت نہیں، "آپ کے لیڈر (عمران خان) کچھ سال قبل بنڈل کے بنڈل لے کر لندن گئے اور کچھ نہیں ہوا."

وزیر داخلہ نے سوال کیا: "کیا فیصل واوڈا کے پاس اپنے لیڈر (عمران خان) سے زیادہ شواہد موجود ہیں"؟

واضح رہے کہ گذشتہ روز فیصل واوڈا نے اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس کو ایک سی ڈی فراہم کی ہے، جس میں بقول ان کے الطاف حسین کے خلاف اہم اور چونکا دینے والے ثبوت اور شواہد موجود ہیں،جبکہ اس سے قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی لندن پولیس کو ایم کیو ایم قائد کے خلاف ثبوت اور شواہد فراہم کر چکے ہیں.

ایم کیو ایم کے مقتول رہنما عمران فاروق کے قتل کیس پر بات کرتے ہوئے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ اس کیس کے حوالے سے گذشتہ حکومت نے تعاون نہیں کیا، لیکن جو تعاون ہم برطانیہ سے کر رہے ہیں اس سلسلے میں ہمیں کسی سے سرٹیفیکیٹ لینے کی ضرورت نہیں،" برطانیہ نے خود خط لکھ کرہمارے تعاون کو سراہا ہے".

وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ یہ کیس ایم کیو ایم یا الطاف حسین کے خلاف نہیں بلکہ ایک پاکستانی کا ہے جسے برطانیہ میں قتل کیا گیا اور اس سلسلے میں برطانیہ سے تعاون جاری ہے.

چوہدری نثار کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے جو کچھ کیا ہے وہ دانشمندی سے کیا اور جب اس کے نتائج آئیں گے تو اسے سب سراہیں گے.

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024