نیب کیسز میں تاخیر، 'ذمہ دار یوسف رضا گیلانی'
اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے تسلیم کیا ہے کہ اس کی کاررائیاں اس وقت شدید متاثر ہوئیں جب سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے قومی اسمبلی میں اپنے پہلے خطاب میں ادارے کو ختم کرنے کے حوالے سے بات کی۔
نیب نے سپریم کورٹ میں ایک رپورٹ میں 1179 کیسز کے زیرالتوا ہونے اور 2014 میں 18819 نئے کیسز کے حوالے سے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ گیلانی کے بیان کے بعد ادارے کی تمام تر سرگرمیاں رک گئی تھیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ کچھ اداروں نے معلومات دیر سے فراہم کرنا شروع کردیں جبکہ کچھ نے تو انکار ہی کردیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 2010 میں چار ماہ، 2011 میں سات ماہ اور 2013 میں چھ ماہ کے لیے نیب چیئرمین کا منصب خالی رہا ۔
1999 کے قومی احتساب آرڈینینس میں تمام تر اختیارات نیب چیئرمین کو دیے گئے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس دوران ملک کی معاشی صورت حال کے باعث حکومت کو نیب کو بجٹ کم کرنا پڑا جس سے اس کی کارروائی بھی متاثر ہوئی۔