آرمی چیف کا اطالوی فوجی ہیڈکوارٹر کا دورہ
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے دورہ اٹلی کے دوران منگل کے روز آرمی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور اطالوی فوجی قیادت سے ملاقات کی۔
آمد کے موقع پر اطالوی فوج کی جانب سے جنرل راحیل کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران جنرل راحیل نے اطالوی فوج کے سربراہ لیفٹینینٹ جنرل ڈانیلو ایریکو سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دفاعی تعاون اور فوجی اہلکاروں کی تربیت جیسے معاملات پر بات چیت کی گئی۔
اطالوی فوج کے سربراہ نے خطے کو محفوظ بنانے کے لیے پاک فوج کی قربانیوں اور کردار کو سراہا۔
آرمی چیف نے اطالوی چیف آف ڈیفنس فورس (سی ڈی ایف) جنرل کلاڈیو گرازیانو سے بھی ملاقات کی اور خطے کی سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف نے اس موقع پر کہا کہ پاک فوج دیگر فوجوں کو بہت کچھ آفر کرسکتی ہے۔
سی ڈی ایف نے پاکستانی فوج کی دہشت گردی کے خلاف کامیابیوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کو احترام کی نظر سے دیکھتے ہیں
انہوں نے مل کر دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا بھی اظہار کیا—اے پی پی۔