الطاف حسین بھوک ہڑتال کا فیصلہ واپس لیں، رابطہ کمیٹی
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رابطہ کمیٹی کے رکن خالد مقبول صدیقی نے الطاف حسین سے اپیل کی ہے کہ وہ تادم مرگ بھوک ہڑتال پر بیٹھنے کے فیصلہ واپس لیں۔
ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو سے متصل خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں رات گئے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ الطاف حسین تکلیف اور کرب میں مبتلا ہیں وہ اپنے کارکنان کو دل کی گہرایوں سے چاہتے ہیں، الطاف حسین نے پاکستان کی عملی سیاست میں نئی اور مثبت روایات کی بنیاد رکھی لیکن اس کے باوجود ہمیں صرف الزامات کے علاوہ پاکستان سے اور کچھ نہیں ملا۔
قبل ازیں ایم کیو ایم کے سربراہ نے بھوک ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ الطاف حسین نے بتایا کہ بھوک ہڑتال کے انتظامات شروع ہو چکے اور مقامی انتظامیہ سے اجازت ملتے ہی وہ بھوک ہڑتال کا آغاز کر دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : الطاف حسین کا تادم مرگ بھوک ہڑتال کا فیصلہ
انہوں نے کہا الطاف حسین اتحاد کی علامت اور قومی اثاثہ ہیں ان کا نقصان قومی نقصان ہے،اس لئے ہم الطا ف حسین سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنے تادم مرگ بھوک ہڑتال کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جیسے ہزاروں ،لاکھوں کارکنان پہلے اس مرحلے سے گزریں گے۔ پریس کانفرنس سے ڈاکٹر فاروق ستار نے گفتگو میں کہا کہ الطاف حسین اپنے کارکنان کو بچانے کے لئے بھوک ہڑتال کر رہے ہیں،رابطہ کمیٹی یہ سمجھتی ہے کہ کارکنان موجود ہیں پہلے ہم تادم مرگ بھوک ہڑتال یا دھرنے کا فیصلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کی آڑ میں ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔