چاند نظر آ گیا، ملک بھر میں کل عیدالفطر منائی جائے گی
کراچی: ملک بھر میں شوال کا چاند نظر آ گیا ہے اور یکم شوال 1436 ہجری کل بروز ہفتہ ہو گی اور پاکستان بھر میں ہفتہ کو عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
شوال کا چاند دیکھنے کیلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جمعہ کو محکمہ موسمیات کے دفتر میں منعقد ہوا جبکہ ملک بھر میں صوبائی اور زونل سطح پر بھی اجلاس منعقد ہوئے۔
اس دوران ملک بھر سے چاند نظر آنے کی مصدقہ شہادتیں موصول ہوئیں جس کے بعد کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران چاند نظر آنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بعض مقامات پر مطلع صاف تھا، بعض جگہ غبار آلود اور بعض مقامات پر ابر آلود رہا۔
مفتی منیب نے بتایا کہ جیکب آباد، قلعہ عبداللہ، بدین، قلعہ سیف اللہ، ڈومکی، گولارچی، ضلع سانگھڑ کے علاقے شاہ پور چاکر اور دیگر کئی علاقوں سے چاند نظر آنے مستند شہادتیں موصول ہوئیں۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شوال المکرم 1436 ہجری 18 جولائی 2015 بروز ہفتہ کو ہو گی۔
اس موقع پر انہوں نے اہالیان پاکستان کو عیدالفطر کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ملک کے امن و سلامتی کیلیے دعا بھی کی۔
تبصرے (1) بند ہیں