’بہتر ہو گا الطاف حسین زبانی تقاریر چھوڑ دیں ’
اسلام آباد: وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما الطاف حسین کے حالیہ بیان کو نامناسب قرار دیا ہے۔
منگل کو یہاں پاکستان اکادمی ادبیات کے زیراہتمام ادیب، دانشور اور ناول نگار عبداللہ حسین کی یاد میں ادبی ریفرنس کے موقع پر اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کے متعلق جو زبان استعمال کی، وہ زبان لندن میں استعمال نہیں کرتے جہاں ان پر قتل اور منی لانڈرنگ کے مقدمات بنے۔
’لندن میں ان کےخلاف جو مقدمات بنے ہیں ان میں نہ ہی رینجرز کا کوئی عمل دخل ہے اور نہ ہی پاکستان کے قومی سلامتی کے اداروں کا‘۔
’الطاف حسین کےلئے بہتر ہے کہ وہ زبانی تقاریر کرنا چھوڑ دیں اور ایسے شخص سے تقاریر لکھوائیں جس کی ذہنی حالت درست ہو‘۔
انہوں نے ریاستی اداروں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر ایم کیو ایم قائد سے معافی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ تسلیم کریں کہ ان کی حالیہ تقریر انور بھائی نے لکھی تھی۔
پرویز رشید کے مطابق، الطاف حسین نے اتوار کی اپنی تقریر میں تمام حدیں عبور کیں۔
تبصرے (3) بند ہیں