'ہاکی انتظامیہ نااہل ہے'
فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ورلڈہاکی لیگ میں گرین شرٹس کی بدترین کارکردگی پر اپنی رپورٹ وزیر اعظم کو بھجوا دی جس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی انتظامیہ کو نااہل قرار دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ بیلجئم میں ورلڈ ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم نے خراب کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کی جس کے بعد اب پاکستان آئندہ سال برازیل میں ہونے والے المپکس مقابلوں میں شرکت نہیں کر سکے گا۔
قومی ٹیم کی خراب کارکردگی اور اولمپک جیسے اہم ایونٹ سے باہر ہونے کے ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے قائم کیمٹی نے صدر اور سیکریٹری پی ایچ ایف، ہیڈکوچ اور کپتان سے ملاقاتوں کے بعد اپنی رپورٹ مرتب کی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں نہ صرف پی ایچ ایف کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے بلکہ ہاکی میں بہتری کے لیے مفصل تجاویز بھی وزیر اعظم کو ارسال کی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کو بیلجئم میں کھلاڑیوں سے زبردستی استغفی لینے کی کوشش کے ثبوت بھی ملے ہیں۔
رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ جدید ہاکی سے نا آشنا لوگوں نے قومی کھیل کا بیڑہ غرق کردیا۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ پی ایچ ایف اپنے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور جدید ہاکی کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی باگ ڈور انتظامی امور کے ماہرین کے ہاتھوں میں دینے کا کہا ہے جب کہ کھلاڑیوں کی فلاح بہبود کے لیے طویل المدت منصوبے ترتیب دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔
کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں تمام اداروں میں ہاکی ٹیمیں تشکیل دے کر کھلاڑیوں کے لیے مستقل روزگار کا انتظام کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
کمیٹی اپنی تجاویز میں یہ بھی لکھا ہے کہ اگر ہاکی کو جدید خطوط پر استوار نہ گیا تو قومی کھیل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
تبصرے (1) بند ہیں