مودی تاپی منصوبے کی جلد تکمیل کے حامی
اشک آباد: ہندوستان وزیراعظم نریندر مودی نے ترکمانستان کے صدر گربانگولی بردمخمدوف سے ہفتے کے روز ملاقات کے دوران 10 ارب ڈالر کے تاپی گیس منصوبے کی جلد تکمیل پر زور دیا۔
ہندوستان وزیراعظم کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان سات معاہدے ہوئے جبکہ دفاع سمیت اہم شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی، منظم جرائم اور منشیات کی اسمگلنگ کے سلسلے میں تعاون بڑھانے پر زور دیا جبکہ دونوں ممالک نے افغانستان کے استحکام کے لیے کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ہندوستانی وزیراعظم نے دہشت گردی کو خطے کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا 'افغانستان اور وسطی ایشیا میں امن ہمارے باہمی مفاد میں ہے۔ ہمیں خطے میں دہشت گردی اور شدت پسندی سے لاحق ملتے جلتے مسائل کا سامنا ہے۔'
تاپی کو اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہوں گے جبکہ اس کی پائپ لائن کے لیے ایران کے ذریعے سمندری راستے پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔
تاپی منصوبے میں 1800 کلو میٹر طویل پائپ لائن ترکمانستان سے افغانستان، پاکستان اور پھر ہندوستان پہنچے گی۔
امید کی جارہی ہے کہ یہ پائپ لائن 2018 تک آپریشنل ہوجائے گی جس کے ذریعے ترکمانستان کی گلکنش فیلڈ سے گیس میسر ہوسکے گی۔