ہولی وڈ اداکار عمر شریف انتقال کر گئے
قاہرہ: ہولی وڈ کی معروف فلموں ’ڈاکٹر ژواگو‘ اور ’لارنس آف عریبیہ‘ سے شہرت حاصل کرنے والے مصری اداکار عمر شریف جمعہ کو انتقال کر گئے۔
مصری اسٹیٹ ٹیلی ویژن کے مطابق اداکار کی عمر 83 برس کی تھی۔
بی بی سی کے مطابق عمر شریف کے ایجنٹ کا کہنا تھا کہ اداکار کی موت جمعہ کی دوپہر دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوئی۔
خیال رہے کہ اس سال کے شروع میں ہی اداکار الزائمر کی بیماری میں مبتلہ ہوگئے تھے۔
عمر شریف 1962 میں ہدایت کار ڈیوڈ لین کی کامیاب فلم ’لارنس آف عریبیہ‘ میں اداکاری کے بعد عالمی سطح پر مشہور ہوئے تھے۔
اس فلم میں کام کرنے پر عمر شریف کو دو گولڈن گلوب ایوارڈ ملے تھے جبکہ اسی کردار کے لیے انہیں آسکر ایوارڈ کے لیے بھی نامزد کیا گیا تھا۔
اس کامیابی کے بعد انھوں نے ڈیوڈ لین کی ہدایات میں ایک اور فلم ’ڈاکٹر ژواگو‘ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا جس پر انھیں ایک بار پھر گولڈن گلوب ایوارڈ دیا گیا۔
عمر شریف نے 2013 میں اپنی آخری فلم میں کام کیا تھا۔