'صدر اور وزیراعظم بیرون ملک بھی اردو میں تقریر کریں گے'
اسلام آباد : وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کو بتایا ہے کہ وزیراعظم نے اردو زبان کو سرکاری زبان کا درجہ دینے سے متعلق حکم نامہ جاری کردیا ہے اور اب صدرمملکت ،وزیراعظم ،وزراء، وفاق اور سرکاری نمائندے ملک میں اور ملک سے باہر اردو زبان میں تقاریر کریں گے۔
اردو کو سرکاری زبان کادرجہ دینے سے متعلق کیس میں سیکرٹری اطلاعات ونشریات محمد اعظم نے وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت میں رپورٹ پیش کی۔
کیس کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کر رہا ہے۔
رپورٹ میں عدالت کو بتایا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل 251 کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں یوٹیلٹی بلز، سرکاری اداروں کی ویب سائٹس، ڈرائیونگ اور دیگر لائسنسز پاسپورٹس پر انگریزی کے ساتھ اردو زبان بھی درج ہوگی۔
مزید پڑھیں: اردو زبان کے بارے میں چند غلط تصورات
عدالت کو بتایا گیا کہ عدالتوں،تھانوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور بینکوں سمیت تمام عوامی اہمیت کی جگہوں پر رہنمائی کے لئے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو کے بورڈ بھی آویزاں کیے جائیں گے۔
سیکرٹری اطلاعات و نشریات نے عدالت کو بتایاکہ یہ سارا کام مرحلہ وار 3 ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔
بعد ازاں کیس کی مزید سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔
تبصرے (9) بند ہیں