داعش کمانڈر شاہد اللہ شاہد افغانستان میں ہلاک
کابل: داعش میں شامل ہونے والے تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سابق ترجمان شاہد اللہ شاہد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہے۔
شاہد اللہ شاہد نے اکتوبر 2014 میں داعش میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔۔۔ فوٹو: ویڈیو گریب |
افغان میڈیا کی رپورٹ کے مطابق داعش کے پاکستان (برصغیر) میں نمبر دو کمانڈر افغان صوبے ننگر ہار میں ایک میزائل حملے میں نشانہ بنے۔
طلوع نیوز چینل کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر نیشنل ڈائریکٹر آف سیکیورٹی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شاہد اللہ شاہد ڈرون حملے میں ہلاک ہوئے۔
مزید پڑھیں : افغانستان میں ڈرون حملہ '49 ہلاک'
خیال رہے کہ گزشتہ روز افغانستان میں ایک ڈورن حملہ کیا گیا تھا جس میں 45 سے زیادہ عسکریت پسند ہلاک ہوئے تھے، جن کے حوالے سے حکام کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ تمام داعش کے جنگجو تھے۔
شاہد اللہ شاہد کی امریکی ڈرون حملے میں ہلاکت کی کسی بھی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
|
شاہد اللہ شاہد کو برصغیر (پاکستان، افغانستان اور ہندوستان) میں دوسرا اہم ترین کمانڈر مانا جاتا تھا، داعش کی جانب سے نومبر 2014 میں سابق افغان جہادی کمانڈر مسلم دوست کو خراسان بیلٹ کا امیر مقرر کیا تھا۔
شاہد اللہ شاہد کی ہلاکت افغان صوبے ننگرہار میں ڈرون حملے میں ہوئی۔۔ فوٹو:ویڈیو گریب |
یہ بھی پڑھیں : 6 اہم طالبان کمانڈرز داعش میں شامل
شاہد اللہ شاہ کا اصل نام شیخ مقبول تھا البتہ طالبان کی جانب سے ان کو شاہد اللہ شاہد کا نام دیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان شاہد اللہ شاہد اور 5 دیگر طالبان کمانڈرز نے اکتوبر 2014 میں داعش میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے شاہد اللہ شاہد کو نومبر 2014 میں معزول کرتے ہوئے محمد خراسانی کو نیا ترجمان مقرر کیا تھا۔
تبصرے (4) بند ہیں