کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاﺅن
کراچی : کراچی میں اچانک بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہونے سے شہرکابڑاحصہ تاریکی میں ڈوب گیا ۔
ڈان نیوز کے مطابق منگل کی رات کراچی میں بجلی کا بڑا بریک ڈاﺅن ہوا ، جس کے نتیجے میں شہر کے 70 فیصد سے زائد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
متاثرہ علاقوں میں گلشن اقبال،گلستان جوہر،کارساز، نارتھ کراچی ، اولڈ سٹی ایریا، صدر،کیماڑی، لیاری، فیڈرل بی ایریا، بلدیہ ٹاﺅن، کلفٹن، شیریں جناح کالونی وغیرہ شامل ہیں۔
|
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ کے دو یونٹ ٹرپ ہونے سے شہر کے مختلف حصوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور کچھ دیر میں صورتحال واضح ہوجائے گی۔
ترجمان نے کچھ گھنٹوں کے اندر متاثرہ علاقوں میں بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ان کے مطابق کے الیکٹرک کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں بجلی کے متبادل انتظامات کرنے میں مصروف ہیں۔
بن قاسم پاور پلانٹ کراچی کو بجلی فراہم کرنے کا اہم ذریعہ ہے جسے شہر میں توانائی کی ترسیل میں لائف لائن کی حیثیت حاصل ہے۔
ذرائع کے اندازے کے مطابق بریک ڈاون کے باعث درجنوں گرڈ اسٹیشنز اور شہر کے 1400 فیڈرز میں سے نصف نے کام کرنا چھوڑ دیا۔
سندھ کے دیگر علاقوں میں بھی بجلی غائب
دوسری جانب جامشورو تھرمل پاور ہاؤس کے تمام یونٹس بند ہوگئے جس کے باعث کئی اضلاع تاریکی میں ڈوب گئے۔
یونٹس بند ہونے کے باعث حیدرآباد اور سکھر سمیت متعدد علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔
اس کے علاوہ بلوچستان کے بھی کچھ علاقوں میں بجلی کے بریک ڈاون کی اطلاعات ہیں۔
تبصرے (1) بند ہیں