'35پنکچر ایک سیاسی بات تھی'
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ نجم سیٹھی پر لگائے جانے والے الزام کے حوالے سے کہا ہے کہ 35 پنکچر کا بیان ایک سیاسی بات تھی۔
نجی ٹی وی چینل جیو کو انٹرویو دیتے ہوئے 35 پنکچر کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ بریگیڈیئر سیمسن نے تحریک انصاف کو بتایا ، انہوں نے مرتضی پویا سے یہ سنا تھا جس کے بعد وہ ٹویٹ ہوگیا اور اس طرح 35 پنکچر کا معاملہ بنا۔
یہ بھی پڑھیں : 35پنکچروں کی داستان
انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے حوالے سے بننے والے کمیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن بلکل درست کام کر رہا ہے، پاکستان میں ایسا کمیشن بننا داد کا مستحق ہے، جوڈیشل کمیشن کا جو بھی فیصلہ ہو گا پاکستان تحریک انصاف اس کو قبول کرے گی۔
مزید پڑھیں : سیٹھی کو 'پنکچر لگانے' کا صلہ ملا، عمران خان
چیف جسٹس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جس طرح چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن میں انتخابی دھاندلی کے معاملے کو سنا ہے، چیف جسٹس کوئی چیز نہیں بھولے، ان کو ایک ایک چیز یاد تھی، کسی کو ہلنے کا موقع نہیں دیا اسی لیے کسی نے کوئی سیاسی تقریریں نہیں کیں اور سب کو موضوع پر رکھا، اسی لیے تحریک انصاف 35 پنکچر کا معاملہ لے کر نہیں آئی کیونکہ یہ تو ایک سیاسی بات ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نجم سیٹھی کی عدالتی کمیشن میں پیش ہونے کی پیشکش
خیال رہے کہ نجم سیٹھی عام انتخابات 2013 سے قبل پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ بنے تھے، الیکشن کے بعد پنجاب سے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے الزام عائد کیا تھا کہ نجم سیٹھی نے مسلم لیگ کو 35 نشستوں پر کامیاب کروایا جس کو 35 پنکچر کا نام دیا گیا۔
عمران خان کا بیان سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں کے بھی اس حوالے سے بیانات سامنے آئے ہیں ۔
|
تبصرے (2) بند ہیں