آئی ایس آئی پر افغان پارلیمنٹ پر حملے کا الزام
کابل: افغانستان کی خفیہ ایجنسی نے الزام عائد کیا ہے کہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسی آئی ایس آئی کے ایک افسر نے گزشتہ ہفتے طالبان کی افغان پارلیمنٹ پر حملے میں مدد کی۔
افغان انٹیلی جنس سروسز کے ترجمان حسیب صدیقی نے بدھ کو ایک بیان میں کہا کہ آئی ایس آئی کے ایک افسر نے کابل میں پارلیمنٹ کے باہر کیے گئے حملے میں حقانی نیٹ ورک کی مدد کی۔
یہ حملہ ایک ایسے موقع ہر کیا گیا تھا جب پارلیمنٹ میں قانون دانوں کا اجلاس جاری تھا، حملے میں دو افراد ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔
حسیب صدیقی نے کہا کہ پیر کو کیے گئے حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی پشاور میں تیار ہوئی اور افغان حکام کو حملے کے بارے میں دس جون کو ہی بتا دیا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے اضافی حفاظتی اقدامات کر لیے تھے۔
کئی سالوں سے جاری عدم اعتماد کے بعد حالیہ دنوں میں پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری آئی ہے جہاں اس سے قبل دونوں ملک ایک دوسرے پر سرحد پار شدت پسندوں کو مدد فراہم کرنے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں۔
تقریباً ایک ماہ قبل آئی ایس آئی اور افغان انٹیلی جنس ایجنسی این ڈی ایس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے سلسلے میں ایک تاریخی معاہدے پر دستخط کیے تھے۔
اس معاہدے کے تحت دونوں خفیہ ادارے انسداد دہشت گردی کے آپریشن میں تعاون کریں گے۔ اس معاہدے کا سب سے اہم نکتہ دونوں ملکوں کے درمیان دہشتد گردی کے ملزمان سے مشترکہ تفتیش تھی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ آئی ایس آئی کی جانب سے این ڈی ایس کو آلات کی فراہمی اور افراد کی تربیت بھی معاہدے کا اہم پہلو تھی۔
اس وقت ایک پاکستانی حکومتی آفیشل نے کہا تھا کہ اسمعاہدے پر دستخط افغانستان اور پاکستان خصوصاً ان کی سیکیورٹی اور انٹیلی جنس کے درمیان قائم ہونے والے نئے اعتماد کے عکاس ہیں۔
جب اس حوالے سے دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے آئی ایس آئی پر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں افغانستان کی خفیہ ایجنسی کی جانب سے اس طرح کے دعوے کیے گئے ہوں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کے حوالے سے پالیسی انتہائی واضح ہے، دونوں ملکوں کا مشترکہ دشمن ہے اور اس سے قبل وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف بھی اس موقف کی تائید کر چکے ہیں۔
پاکستان پیر کو ہونے والے حملے کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پڑوسی کی مدد جاری رکھے گا۔
تبصرے (1) بند ہیں