• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:22pm Maghrib 4:59pm
  • ISB: Asr 3:22pm Maghrib 5:00pm

'سیو دی چلڈرن' پر پابندی ختم نہیں کی گئی، نثار

شائع June 22, 2015
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار— فائل فوٹو/ اے پی پی
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار— فائل فوٹو/ اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی این جی او کے لبادے میں پاکستان اور اسلام کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران چوہدری نثار نے کہا کہ ’ہماری اقدار کے خلاف کسی کو بھی کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی‘۔

وفاقی وزیر داخلہ نے غیر ملکی این جی او 'سیو دی چلڈرن' کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی اس این جی او کو ملک دشمن نہیں کہا تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی تک اس تنظیم پر پابندی کا فیصلہ واپس نہیں لیا گیا ہے۔

وزیرداخلہ نے کہا کہ 'سیو دی چلڈرن' کے عہدیداران کے ساتھ حکومت کی بات چیت ہوئی ہے تاہم ابھی تک اس کا اسلام آباد آفس سیل ہے۔

انھوں نے کہا کہ ملک میں کام کرنے والی مقامی اور غیر ملکی این جی اوز کچھ ایسے فلاحی کام کررہی ہیں جو حکومت کے اداروں کی پہنچ میں نہیں ہیں جس کی وجہ سے حکومت ان کے کام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور سراہتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ گذشتہ حکومت کے دور میں اس این جی او کے کچھ کام کسی مخصوص واقعے کے حوالے سے سامنے آئے تھے تاہم اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تھی۔

وزیرداخلہ نے بتایا کہ اس این جی او کے دفاتر کی تعداد اس سے زیادہ ہے جتنی اسے اجازت دی گئی تھی جب کہ اس کے بعض دفاتر وہاں بھی قائم ہے جہاں اسے کام کا مینڈیٹ حاصل نہیں ہے۔

چوہدری نثار نے کہا کہ اس این جی او کے 73 دفاتر موجود ہے تاہم اب صرف 13 کو کام کی اجازت ہو گی جب کہ اس سے متعلقہ کسی غیرملکی کو ویزہ نہیں دیا جائے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ فاٹا اور گلگت بلتستان میں کسی بھی این جی او کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور حکم کی خلاف ورزی کرنے والی این جی او کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک میں 40 فیصد سے زیادہ این جی اوز غیر رجسٹرڈ ہے اور ان کو قانون کے دائرے میں لانا ایک مشکل کام ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ طارق فاطمی کی سربراہی میں قائم کی جانے والی کمیٹی نے اپنی رپورٹ پیش کردی ہے اور اس کے تحت این جی اوز کے معاملات اب ایکنامک افیئر ڈویژن نہیں دیکھے گا۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے کیے گیے فیصلے کے مطابق اب این جی اوز کے معاملات وزارت داخلہ دیکھے گی۔

وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ این جی اوز کے حوالے سے قانون سازی کی تجویز بھی زیر غور ہے۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024