دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا، آرمی چیف
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے گرد گھیرا تنگ کر دیا گیا اور پاک افغان سرحد پر چھپے دیگر دہشت گردوں کا صفایا کیا جا رہا ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے خیبرایجنسی میں اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور پہلا روزہ آپریشن ضرب عضب میں مصروف افسروں، جوانوں اور قبائلی عمائدین کے ساتھ گزارا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اب کارروائی پاک افغان سرحد کے قریب دہشت گردوں کے آخری چند ٹھکانوں پر ہو رہی ہے، شمالی وزیرستان کے بعد دہشت گردوں نے خیبرایجنسی میں پناہ گاہیں بنا لی تھیں۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ خیبرایجنسی کے جن علاقوں کے میں آپریشن کیا گیا ہے وہ غیرملکی ساختہ بارودی سرنگوں سے بھرے ہوئے تھے۔
آرمی چیف نے کہا کہ خیبرایجنسی میں دہشتگردوں کے مضبوط ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر ایجنسی میں تربیت و تبدیلی کے مرکز کا بھی دورہ کیا جہاں ہتھیار پھینکنے والے شدت پسندوں کو تعلیم وتربیت دی جارہی ہے۔
بیس مشتبہ عسکریت پسند ہلاک
دوسری جانب آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعے کو خیبرایجنسی میں فضائی کارروائی کے دوران کم از کم بیس مشتبہ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔
بیان میں بتایا کہ کارروائی کے دوران اٹھارہ دہشتگرد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں ہلاک ہونے والوں میں اہم عسکریت پسند کمانڈرز بھی شامل ہیں۔