پاکستان کو جے ایف 17 تھنڈر کا پہلا آرڈر مل گیا
اسلام آباد: پاکستان نے ملکی ساختہ جدید جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا پہلا آرڈر حاصل کرلیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پاکستان ایئرفورس کے ترجمان ایئر کموڈور سید محمد علی شاہ کا کہنا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا ایک آرڈر حاصل کرلیا گیا ہے، تاہم انھوں نے اس آرڈر کی مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔
پاکستانی ساختہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کے حاصل ہونے والے آرڈر میں طیاروں کی تعداد، وقت اور ملک کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے پاکستان ائر فورس کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس حوالے سے ہم نے ایک آرڈر کو آخری شکل دے دی ہے‘۔
دوسری جانب ایک ایوی ایشن ویب سائٹ فلائٹ گلوبل ڈاٹ کام نے بھی پاکستان ایئر فورس کے ایک سیئنر افسر ائر کموڈور خالد محمود کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کا آرڈر ایک ایشیائی ملک نے دیا ہے اور اس کی تکمیل 2017ء تک کردی جائے گی۔
مزید پڑھیں: جے ایف 17 تھنڈر طیارے ’پیرس ایئر شو‘ میں شریک
خیال رہے کا پاکستان اپنی دفاعی ضروریات کے لئے بیرونی ممالک خاص طور پر چین سے آلات درآمد کرتا ہے۔
چین کے ٹیکنیشن کی مدد سے پاکستان میں تیار کئے جانے والے جے ایف 17 تھنڈر کم وزن ملٹی رول طیارے ہیں جو کہ آواز کی رفتار سے دوگنا زیادہ رفتار سے 55000 فٹ کی بلندی تک پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
پاکستان نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ جے ایف 17 تھنڈر طیاروں، پاکستانی ساختہ ٹینکس اور نگرانی کے لئے بنائے جانے والے ڈرون طیاروں کی فروخت سے ملک کو کثیر غیر ملکی ذر مبادلہ حاصل ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستانی جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خریداری میں دیگر ممالک کی دلچسپی کی بنیادی وجہ اس کی قیمت ہے جو کہ امریکی ایف 16 سے 16 سے 18 لاکھ ڈالر کم ہے۔
تبصرے (5) بند ہیں