اسلام آباد: این جی او 'سیو دی چلڈرن' پر پابندی عائد
اسلام آباد: 'پاکستان مخالف سرگرمیوں' پر بین الاقوامی امدادی گروپ 'سیو دی چلڈرن' پر پاکستان میں پابندی عائد کردی گئی ہے جبکہ اسلام آباد میں مارگلہ روڈ پر واقع ان کا دفتر بھی سیل کردیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ میں سینئر حکومتی اہلکار کامران چیمہ نے دفتر سیل کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہیں علم نہیں کہ یہ حکم کیوں جاری کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں وزارت داخلہ کی جانب سے ایک نوٹیفیکیشن موصول ہوا جس میں اس دفتر کو سیل کرنے اور اس کے اسٹاف کو 15 روز کے اندر اپنے ممالک واپس بھیجے کے احکامات تھے۔
حکومت نے اس حوالے سے باضابطہ اعلان نہیں کیا تاہم وزارت داخلہ کے ایک اہلکار کے مطابق این جی او 'پاکستان مخالف سرگرمیوں' میں ملوث تھی۔
انہوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ این جی او کی سرگرمیوں کی کافی عرصے سے نگرانی کی جارہی تھی۔ وہ کچھ ایسا کررہے تھے جو پاکستان کے مفاد کے خلاف تھا۔'
'سیو دی چلڈرن' کی جانب سے تبصرہ کرنے کے لیے کوئی دستیاب نہیں تھا جبکہ اس کے اسٹاف کو 15 روز کے اندر پاکستان چھوڑنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔