ایان علی کی درخواست ضمانت خارج

شائع June 3, 2015
کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار سپر ماڈل ایان علی —۔فائل فوٹو/ آئی این پی
کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار سپر ماڈل ایان علی —۔فائل فوٹو/ آئی این پی

راولپنڈی: راولپنڈی کی کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں گرفتار سپر ماڈل ایان علی کی ضمانت کی درخواست خارج کردی ہے۔

سپر ماڈل ایان علی کو رواں برس 14 مارچ کو اسلام آباد کے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی جاتے ہوئے اُس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب دورانِ چیکنگ ان کے سامان میں سے 5 لاکھ امریکی ڈالر برآمد ہوئے تھے۔

بدھ کو روالپنڈی میں کسٹم جج جسٹس رانا آفتاب احمد خان کی عدالت میں ایان علی کی جانب سے دائر درخواستِ ضمانت کی سماعت ہوئی۔

اس موقع پر ایان علی کے وکلاء لطیف کھوسہ، سردار اسحاق اور دیگر سمیت کسٹم کی تفتیشی ٹیم کے سربراہ زرغام خان بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران ایان علی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جہاں سے ایان علی کی گرفتاری ظاہر کی گئی وہاں کسٹم کا کوئی کاؤنٹر ہی نہیں جبکہ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) کو سونا یا کرنسی چیک کرنے کا اختیار نہیں، ان کا کام صرف جسمانی تلاشی لینا اور اسلحہ ساتھ جانے والوں کو ایئرپورٹ میں داخل ہونے سے روکنا ہے۔

لطیف کھوسہ کا مزید کہنا تھا کہ ایان علی کے بیگ سے برآمد ہونے والے 5 لاکھ امریکی ڈالر ایان علی اور ان کے بھائی ذوالفقار کی مشترکہ ملکیت ہیں جبکہ ایان علی کو معلوم نہیں تھا کہ وہ کتنی رقم باہر لے جا سکتی ہیں، انھوں نے یہ رقم دبئی میں اپنے بھائی کو دینی تھی۔

سپر ماڈل کے وکیل کا موقف تھا کہ اگر 5 لاکھ ڈالر لے جانے کی اجازت نہیں تھی تو بتا دیا جاتا، ایان اپنے ساتھ آنے والوں کو یہ رقم دے دیتیں۔ ایان علی رقم چھپا کر نہیں لے جا رہی تھیں لیکن ان کا موقف سنے بغیر ہی اسمگلنگ کا شور مچا دیا گیا۔

لطیف کھوسہ نے مزید کہا کہ ایان علی ایک شو کا 5 لاکھ ڈالر معاوضہ وصول کرتی ہیں۔

انھوں نے عدالت کے روبرو دلائل دیتے ہوئے کہا کہ پڑوسی ملک ہندوستان میں شوبز سے متعلقہ افراد کی بڑی عزت کی جاتی ہے اور اس سلسلے میں راحت فتح علی خان اور عدنان سمیع کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں، جنھیں کرنسی اسمگلنگ کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا لیکن فوراً ہی چھوڑ دیا گیا۔

جبکہ ایان علی کو ایئرپورٹ رقم کی کلیئرنس سے پہلے ہی اسمگلر بنا دیا گیا دوسری جانب وہ جب بھی عدالت آتی ہیں تماشا بنادیا جاتا ہے۔

دوسری جانب کسٹم حکام نے ایان علی کی ضمانت کی مخالفت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ کرنسی اسمگلنگ ایک سنگین جرم ہے۔

دلائل مکمل ہونے پر عدالت نے ماڈل ایان علی کی درخواست ضمانت کو خارج کردیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Malik USA Jun 03, 2015 09:15pm
Sorry to say Mr. lawyer. People do not make Tamasha when she appears in the court. Sorry to say that She herself and her adviser/ legal adviser make Tamasha when she appear in the court.

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024