رحیم یار خان: آوارہ کتوں نے تین بچوں کی جان لے لی
رحیم یار خان: صوبہ پنجاب کے ڈسٹرکٹ رحیم یار خان میں آوارہ کتوں کے حملے میں 3 بچے ہلاک جب کہ ان کی والدہ شدید زخمی ہو گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق پیر کو رحیم یار خان کے نواحی گاؤں چک 80 فیروزہ میں محمد ارشاد اپنی بیوی اور 3 بچوں کے ہمراہ کھیتوں میں فصلوں کو پانی دینے گیا۔
ارشاد کے 3 بیٹے اور بیوی قریب ہی ایک درخت کے سائے تلے بیٹھے تھے کہ اچانک 5 سے 6 خونخوار کتوں نے ان پر حملہ کردیا۔
کتوں کے کاٹنے سے 2 سالہ عبید، 4 سالہ عبداللہ اور 8 سالہ علی حسنین موقع پر ہلاک جبکہ ان کو بچاتے ہوئے ان کی والدہ شدید زخمی ہوگئیں، جنھیں فیروزہ رورل ہیلتھ سینٹر منتقل کردیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
چوکی گلشن فرید نے کتوں کی ملکیت کے شبہہ میں 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے۔
گرفتار افراد کی شناخت محمد صدیق، جاوید ولد منظور احمد اور منظور ولد غلام نبی کے نام سے کی گئی ہے، جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کتوں کو پال کر اُن کے غیر قانونی مقابلے کروایا کرتے تھے۔
جبکہ پولیس تھانہ تبسم شہید نے کتوں کی تلاش بھی شروع کردی ہے۔
واقعے کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جا سکا۔