ملتان: اسکول کی چھت گرنے سے 9 بچے زخمی
ملتان: جنوبی پنجاب کے شہر ملتان میں ایک نجی اسکول کی خستہ حال چھت گر گئی ،جس کے نتیجے میں 9 بچے زخمی ہو گئے۔
نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ملتان کے علاقے بستی علی والا میں ہفتے کو اسکول کی چھت گرنے سے 25 سے زائد بچے ملبے تلے دب گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچوں کو ملبے کے نیچے سے نکالنے کا کام شروع کیا۔
ریسکیو ٹیموں نے ملبے تلے دبے 9 بچوں کو نکال کر نشتر ہسپتال منتقل کردیا، جبکہ کچھ بچوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کردی گئی۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ملبے سے 2 ٹیچرز کو بھی نکالا جا چکا ہے۔
واقعے کے بعد بچوں کے والدین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد موقع پر جمع ہوگئی۔
![]() |
بچوں کے والدین اور اہلخانہ احتجاج کرتے ہوئے—۔ڈان نیوز اسکرین گریب |
نمائندے کے مطابق مذکورہ اسکول میں 150 سے 200 کے قریب طلباء زیرِ تعلیم ہیں جبکہ چھت گرنے کا واقعہ خستہ حالی کے باعث پیش آیا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملتان میں اسکول کی چھت گرنے کا نوٹس لے کرسیکریٹری اسکولزایجوکیشن سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیراعلیٰ کے نوٹس کے بعد پولیس کی بھاری نفری بھی اسکول پہنچی اور اسکول پرنسپل کو گرفتار کرنے کی کوشش کی، جس پر بچوں کے اہلخانہ نے پولیس موبائل کا گھیراؤ کرکے احتجاج کیا اور پرنسپل کو حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔