کارگل پر مشرف کا تبصرہ، ہندوستانی وزیر برس پڑے
نئی دہلی: پاکستان کے سابق صدر اورآرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے کارگل جنگ پر کیے گئے تبصرے کے ردّعمل میں ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے قریبی ساتھی کا کہنا ہے کہ پوری دنیا ہندوستانی فوج کی صلاحیت سے واقف ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے ریٹائر جنرل پرویز مشرف نے آل پاکستان مسلم لیگ کے یوتھ ونگ کے ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ 1999ء میں ان کی کمانڈ میں فورسز نے کارگل جنگ کے دوران ہندوستانی فوجوں کو بڑے نقصان سے دوچار کیا تھا۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق جنرل پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ ’میں نہیں سمجھتا کہ ہندوستان اس 3 ماہ طویل کارگل جنگ کو کبھی بھول پائے گا جس میں ہماری بہادر فوج نے انہیں گردن سے پکڑ لیا تھا‘۔
سابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان فوج کے جوانوں نے ہندوستانی فوجوں کو حیران کرتے ہوئے کارگل میں گھیر لیا تھا۔
پرویز مشرف کے اس تبصرے پر ہندوستان کے اسٹیٹ منسٹر جیتیندرا سنگھ نے کہا کہ کارگل جنگ سے پہلے اور بعد میں دنیا کو ہندوستان کی طاقت کا اندازہ ہوگیا تھا۔
ہندوستانی نشریاتی ادارے دور درشن کے مطابق ہندوستانی وزیر نے مزید کہا کہ دنیا ہندوستان کو عالمی طاقت کے طور پر دیکھتی ہے۔
تبصرے (3) بند ہیں