اسلام آباد ایئرپورٹ کے بحالی منصوبے کا افتتاح
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد کے بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بحالی منصوبے کا افتتاح کردیا۔
پیر کو وزیراعظم نے بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ اسلام آباد پر فراہم کی گئی جدید سہولتوں کاافتتاح کیا، اس موقع پر فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے عہدیداران کے مطابق بحالی منصوبے کے تحت ایئرپورٹ میں بہت سی ایسی سہولیات شامل کی گئی ہیں جو پہلے موجود نہیں تھیں، جنھیں مکمل ہونے میں 9 ماہ کا عرصہ لگا۔
ان نئی سہولتوں میں ڈیلٹا ٹیکسی ٹریک، فاسٹ ٹریک بلڈنگ، بزنس کلاس فاسٹ ٹریک اور بزنس کلاس لاؤنج شامل ہیں۔
نئے ٹیکسی وے لنک سے ایئرلائنز کو ماہانہ 12 کروڑ روپے کی بچت ہوگی۔
ٹرمینل کے سامنے ایک بلاسٹ پروف کنکریٹ کی دیوار بھی تعمیر کی گئی ہے جو ٹرمینل کو کار پارکنگ سے علیحدہ کرے گی اور ایئرپورٹ کو مزید محفوظ بنانے میں مدد دے گی۔
جبکہ خارجہ دروازے کے قریب تعمیر کی جانے والی فاسٹ ٹریک بلڈنگ کم سامان والے مسافروں کو آسانی سے داخلے اور اخراج کی سہولت فراہم کرے گی۔
بحالی منصوبے کے تحت ایئرپورٹ ملازمین، سی اے اے اور ایئرپورٹ کی حدود میں کام کرنے والے دیگر افراد کے لیے ایک عیلحدہ کار پارکنگ بھی تعمیر کیا گیا ہے اور اس سلسلے میں زمین فوج سے لیز پر لی گئی ہے۔
ایئرپورٹ کے راول لاؤنج کو بھی بزنس کلاس لاؤنج کا نام دے کر اس کی نئے سرے سے تزئین و آرائش کی گئی ہے، جبکہ لاؤنج میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور وائی فائی بھی فراہم کیا گیا ہے۔
بینظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 45 کروڑ روپے کی لاگت سے بہتر بنایا گیا ہے، جس کا مقصد ملک اور بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کو اضافی سفری سہولیات فراہم کرنا ہے۔
آفیشلز کے مطابق اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کی تعمیر 2016 تک مکمل کرلی جائے گی۔
تبصرے (1) بند ہیں