وفاقی بجٹ، اٹھارویں ترمیم کی خلاف ورزی ہے،رضا ربانی
اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2013-14 صوبائی خود مختاری کیخلاف ہے اور آٹھارویں آئینی ترمیم کی خلاف ورزی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرس سے خطاب میں سینیٹر رضا ربانی نے کہا کہ بجٹ کے حوالے سے پچیس تجاویز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کو پیش کی گئی تھیں۔
ربانی نے کہا کہ ایکسائز ڈیوٹی کو تبدیل کرنے کو روکا جائے گا۔
اس کےعلاوہ انہوں نے کہا کہ جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) کی شرح میں اضافے کو واپس لیا جائے رضا ربانی نے کہا کہ انکم سپورٹ لیوی غیرآئینی ہے اسے فوری واپس لیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ میں ٹیکس نہ دینے والوں کو چھوٹ دی گئی۔
پی پی کے سینیٹر نے کہا کہ پاکستانی شہریوں کے بینک اکاؤنٹس تک فیڈرل بورڈ آف ریوینو (ایف بی آر) کو رسائی دینا غیرآئینی ہے۔
رضا ربانی نے کہا کہ مزدور کی اجرت بڑھا کر 12ہزار اور تنخواہیں اور پنشن 25 فیصد تک بڑھائی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے صوابدیدی فنڈ کیلئے خفیہ طور پر 115 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔