وزیراعظم ، آرمی چیف کل کابل جائیں گے
اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف افغان صدر اشرف غنی کی دعوت پر کل بروز منگل افغانستان کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے۔
پیر کو وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیرِ صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں پاک افغان تعلقات پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری، چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات اور دیگر سینیئر حکومتی افسران شریک ہوئے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نواز شریف کے دورہ افغانستان کا اعلان کیا گیا، جس کے دوران وزیراعظم نواز شریف افغان صدر اشرف غنی سے ون آن ون ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم کی دیگر مصروفیات میں افغان چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ سے ملاقات اور افغانستان کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات بھی شامل ہیں۔
ترجمان قاضی خلیل اللہ کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعظم کےمشیر برائے امور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری اور دیگر اعلیٰ افسران بھی افغانستان جائیں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق یہ وزیراعظم کا دوسرا دورہ افغانستان ہے، جبکہ نئی افغان حکومت کی تشکیل کے بعد یہ ان کا پہلا دورہ ہے۔ اس سے قبل نواز شریف نے 30 نومبر 2013 کو افغانستان کا دورہ کیا تھا۔
قاضی خلیل اللہ کے مطابق افغانستان کے ساتھ قریبی دوستانہ تعلقات پاکستان کی خارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے، جبکہ وزیراعظم نواز شریف کے 'پرامن پڑوس' کے وژن کا بنیادی کلیہ بھی یہی ہے۔