کراچی میں فائرنگ سے ڈاکٹر ہلاک
کراچی: شہر قائد کے علاقے ناظم آباد میں ایک کلینک پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ہومیو پیتھک ڈاکٹر ہلاک ہوگئے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) سینٹرل کیپٹن چوہدری اسد علی کے مطابق ہفتے کو ناظم آباد میں نامعلوم ملزمان نے ایک کلینک پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر انورعلی عابدی سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
بعد ازاں ڈاکٹر انورعلی زخموں کی تاب نہ لاکر ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے واقعے میں ٹارگٹ کلنگ کا شبہ ظاہر کیا ہے۔
ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد پر مشتمل شہر کراچی، پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، تاہم کئی سالوں سے جاری اغوا برائے تاوان، قتل، لسانی، فرقہ وارانہ اور سیاسی تشدد کی وجہ سے شہر کی سرگرمیاں متاثر ہوئی ہیں۔