• KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:26am Sunrise 5:51am
  • KHI: Fajr 5:04am Sunrise 6:21am
  • LHR: Fajr 4:25am Sunrise 5:48am
  • ISB: Fajr 4:26am Sunrise 5:51am

این اے 122:' صرف 40 فیصد تصدیق شدہ ووٹ'

این اے 122 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق نے شکست دی تھی—۔
این اے 122 میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق نے شکست دی تھی—۔

لاہور: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے الیکشن ٹربیونل میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 122 سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کروا دی ۔

ہفتے کو صوبائی الیکشن کمیشن میں الیکشن ٹربیونل کے جج کاظم علی ملک نے دھاندلی کیس کی سماعت کی ۔

سماعت کے دوران نادرا کے ڈائریکٹر فرانزک لیبارٹری عامر حسین نے اپنا بیان قلمبند کروا کر رپورٹ پیش کی ۔

نادرا رپورٹ کے مطابق این اے 122 سے صرف 73,478 ووٹ تصدیق شدہ ہیں۔

رپورٹ میں واضح کیا گیا کہ متعدد پولنگ اسٹیشنز میں کاسٹ کیے جانے والے ووٹوں کے انگھوٹوں کی تصدیق نہیں ہوئی جبکہ صرف 40 فیصد ووٹوں کے کاؤنٹر فائلز پر موجود انگوٹھوں کے نشانات نے نادرا ریکارڈ سے میچ کیا۔

773 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں 93,582 ووٹ غیر تصدیق شدہ قرار دیئے گئے ہیں، جن پر انگوٹھوں کے نشان موجود نہیں تھے۔

یاد رہے کہ رواں برس جنوری میں مقامی کمیشن کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ این اے 122 سے کل 180,115 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔

اس حلقے سے کامیاب ہونے والے امیدوار مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار ایاز صادق نے 92,393 جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان نے 83,542 ووٹ حاصل کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : این اے 122 میں عمران خان کو شکست

اس طرح آج نادرا کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق این اے 122 کے تقریباً 50 فیصد سے زائد ووٹ غیر تصدیق شدہ ہیں۔

نادرا رپورٹ کے مطابق اس حلقے میں 370 ووٹ بغیر شناختی کارڈ کے ڈالے گئے جبکہ 6,123 ووٹ غیر تصدیق شدہ شناختی کارڈ سے کاسٹ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 570 ایسے افراد نے یہاں سے ووٹ کاسٹ کیا، جو اس حلقے سے رجسٹرڈ ہی نہیں تھے، جبکہ 1715 ووٹ ایسے تھے جن کے انگوٹھے کے نشانات کاؤنٹر فوائلز پر نہیں پائے گئے۔

جبکہ تحریک انصاف کے وکیل انیس علی ہاشمی نے آج دعوی کیا تھا کہ این اے 122 میں ایک لاکھ 36 ہزار ووٹ بوگس پائے گئے۔

میڈیا سے گفتگو میں عمران خان کے نمائندے شعیب صدیق نے کہا کہ سردار ایاز صادق سمیت دیگر وفاقی وزراء جو عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے انہیں اب استعفی دے دینا چاہیے ۔

مزید پڑھیں : این اے 122 میں انتخابی بے ضابطگیوں کی تصدیق

واضح رہے کہ نادرا نے عمران خان کی درخواست پر این اے 122 کے ووٹوں کی تصدیق کا عمل مکمل کیا۔

عمران خان نے ووٹوں کی تصدیق کے لیے نادرا کو 20 لاکھ روپے کی رقم ادا کی تھی۔

**تصحیح: ابتداء میں اس خبر میں نادرا رپورٹ کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ غیر تصدیق شدہ ووٹوں کی تعداد 136،000 تھی، جبکہ یہ اعداد و شمار دراصل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل نے اپنے بیان میں بتائے تھے، ہم اس حوالے سے معذرت خواہ ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

fida Hussain May 09, 2015 10:13pm
لگتا ایسا ہے کہ آہستہ آہستہ عمران خان کا دعویٰ سچ ثابت ہو رہا ہے اگر ۹۳ ہزار ووٹوں کی تصدیق نہ ہو تو اس الیکشن کی قانونی اور اخلاقی حثیت کیا ہو گی میں یہ سمجھنے سے قاصر ہوں

کارٹون

کارٹون : 3 اپریل 2025
کارٹون : 31 مارچ 2025