• KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm
  • KHI: Zuhr 12:16pm Asr 4:09pm
  • LHR: Zuhr 11:47am Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 11:52am Asr 3:28pm

سلمان خان کو مہلت مل گئی، سزا معطل

شائع May 8, 2015
بولی وڈ اداکار سلمان خان—۔فوٹو/ اے ایف پی
بولی وڈ اداکار سلمان خان—۔فوٹو/ اے ایف پی

ممبئی: ممبئی ہائی کورٹ نے ہٹ اینڈ رن کیس 2002 میں سنائی گئی بولی وڈ اداکار سلمان خان کی سزا معطل کرکے ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

ممبئی کی سیشن عدالت نے رواں ہفتے بدھ کو بولی وڈ اداکار سلمان خان کو ہٹ اینڈ رن کیس 2002 میں مجرم قرار دے کر 5 سال قید اور 25 ہزار جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

سلمان خان پر الزام ہے کہ وہ ستمبر 2002 میں ممبئی میں رات کو شراب پی کر گاڑی چلاتے ہوئے کنٹرول کھو بیٹھے جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے، بعد ازاں وہ جائے حادثہ سے فرار ہوگئے، ان کے خلاف قتل، غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ، لوگوں کی زندگی خطرے میں ڈالنے، املاک کو نقصان پہنچانے اور نشے میں دھت ہوکر گاڑی چلانے سمیت آٹھ الزمات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:سلمان خان کو 5 سال قید کی سزا

بعد ازاں مبئی ہائیکورٹ میں ضمانت کی درخواست دائر کیے جانے کے بعد عدالت نے سلمان خان کے لیے دو روز کی عارضی ضمانت کی منظوری دی تھی۔

ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق آج ضمانت کی مدت ختم ہونے پر ممبئی ہائیکورٹ میں مذکورہ کیس کی سماعت ہوئی، تاہم فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے سیشن کورٹ کی جانب سے سلمان خان کو سنائی گئی 5 سال قید کی سزا معطل کردی۔

ہندوستانی صحافی ارونیما نے ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جب کسی سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کی جاتی ہے تو جب تک اس اپیل پر فیصلہ نہیں ہوتا، وکیل دفاع کی جانب سے ہائی کورٹ سے درخواست کی جاتی ہے کہ فیصلہ ہونے تک سیشن کورٹ (لوئر کورٹ) کی سزا کو معطل کردیا جائے۔

ارونیما کے مطابق یہی وجہ ہے ہائیکورٹ نے وکیل دفاع کی درخواست منظور کرتے ہوئے سزا معطل کردی ، اب اس پر مزید کارروائی ہوگی کہ سیشن کورٹ کی سزا درست ہے یا نہیں اور اس وقت تک سزا معطل رکھی جائے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سلمان خان کے خلاف فیصلہ سیشن کورٹ کی جانب سے سنایا جاچکا ہے، جس کے مطابق انھیں غیرارادتاً قتل کا مجرم قرار دیا گیا ہے، تاہم اب ہائیکورٹ نے اس بات کا فیصلہ کرنا ہے کہ کیا سلمان خان کو یہ علم تھا کہ نشے کی حالت میں گاڑی چلانے سے کسی کی جان جاسکتی ہے؟

ارونیما کے مطابق اگر اس بات کا علم ہونے کے باوجود بھی سلمان خان نے گاڑی چلائی اور یہ بات ہائیکورٹ میں بھی ثابت ہوگئی تو پھر بولی وڈ اداکار کی سزا برقرار رکھی جائے گی۔

جمعے کو مذکورہ کیس کی سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ 49 سالہ اداکار کے بے شمار مداح بھی احاطہ عدالت کے باہر موجود تھے۔

سلمان خان آج عدالت میں پیش نہیں ہوئے، تاہم ہندوستانی میڈیا کے مطابق بولی وڈ اداکار کی بہن اور بھائی ہائیکورٹ میں موجود تھے۔

سلمان خان کے فین کی خودکشی کی کوشش

ابھی عدالت میں مذکورہ کیس کی سماعت جاری تھی کہ عدالت کے باہر ایک 30 سالہ شخص نے مبینہ طور پر خود کشی کی کوشش کی، تاہم اسے بچالیا گیا۔

کارٹون

کارٹون : 14 نومبر 2024
کارٹون : 13 نومبر 2024