چارلی ہیبڈو حملے کے دعویدار امریکی کارروائی میں ہلاک
واشنگٹن: امریکی ذرائع کے مطابق ایک امریکی کارروائی کے دوران القاعدہ کی ایک سینئر شخصیت کو ہلاک کردیا گیا ہے، جنہوں نے پیرس میں چارلی ہیبڈو حملے کا دعویٰ کیا تھا۔
جزیرہ نما عرب میں القاعدہ نے کہا ہے کہ اس کے ایک نظریہ ساز علی الانصی اپنے بڑے بیٹے اور دیگر جنگجوؤں کے ہمراہ یمن میں ایک امریکی فضائی حملے میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
یہ بات ایس آئی ٹی ای انٹیلی جنس گروپ نے ایک آن لائن وڈیو کے حوالے سے بتائی ہے، تاہم عالمی خبررساں ادارہ رائٹرز اس وڈیو کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں کرسکا ہے۔
علی الانصی کی ہلاکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یمن میں بدترین خانہ جنگی کی وجہ سے امریکی فوجی مشیروں کے انخلاء کے باوجود عالمی عسکریت پسند گروپ کی یمن برانچ کے خلاف امریکی خفیہ ڈرون پروگرام جاری ہے۔
امریکی ذرائع کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کو یقین ہے کہ علی الانصی جزیرہ نما عرب میں القاعدہ کے جنوبی یمن کے کمانڈر تھے اور اس حملے کے دوران کسی شہری کی ہلاکت نہیں ہوئی تھی۔
القاعدہ کے ایک سابق جنگجو اور نظریہ ساز علی الانصی، اس گروپ کی کئی وڈیو میں ظاہر ہوئے تھے۔ 14 جنوری کے ایک پیغام میں انہوں نے کسی ایک فرد کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ پیرس میں 7 جنوری کا حملہ اس تنظیم کی قیادت میں ہدف کا انتخاب، اس آپریشن کا پلان اور اس کے لیے سرمایہ فراہم کیا گیا۔
وہائٹ ہاؤس کے ترجمان ایرک شلٹز نے علی الانصی کی ہلاکت کی رپورٹوں پر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
انہوں نے ایئرفورس کے ایک جہاز میں بیرون ملک صحافیوں کو بتایا کہ ’’جیسا کہ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ میں اس کا جائزہ لوں گا، ہم یمن سے آنے والے دہشت گردی کے خطرات کی فعال طریقے سے نگرانی کررہے ہیں۔ اور ہم اس سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔‘‘
یاد رہے کہ پیرس حملے میں تین روزہ تشدد میں صحافیوں اور پولیس اہلکاروں سمیت 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس میں ہفت روزہ چارلی ہیبڈو پر بڑے پیمانے پر فائرنگ بھی شامل ہے۔
یہ میگزین اسلام اور دوسرے مذاہب پر طنزیہ حملوں کی وجہ سے معروف ہے۔
ان حملہ آوروں میں الجیرین نژاد دو فرانسیسی بھائی بھی شامل تھے، جنہوں نے حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کی تضحیک کرنے پر اس میگزین کو نشانہ بنایا تھا۔
9 جنوری کو فرانس کی سکیورٹی فورسز نے پیرس میں بارہ افراد کی ہلاکت کے ذمے دار ان دونوں مشتبہ بھائیوں کو ہلاک کردیا ہے۔
انہوں نے ایک یہودی کی دکان میں بعض لوگوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔فرانسیسی کمانڈوز نے اس عمارت پر دھاوا بول دیا تھا۔