مالدیپ کے صدر کی دو روزہ دورے پر پاکستان آمد
اسلام آباد: مالدیپ کے صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ہیں یہاں وہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر اور باہمی تعلقات کے حوالے بات چیت کرے گے۔
پاکستان آمد پر مالدیپ کے صدر کا وزیراعظم نواز شریف اور ان کی کابینہ کے دیگر وزراء نے پرتپاک استقبال کیا۔
یہ صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم اور کسی بھی مالدیپ کے سربراہ کا 11 سال میں پاکستان کا پہلا دورہ ہے، اس سے قبل مالدیپ کے صدر مامون عبدالقیوم نے 2004 کی سارک کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔
صدر مملکت سے مالدیپ کےصدر عبداللہ یامین عبدالقیوم نے ملاقات کی اس موقع پردونوں رہنماوں نے سارک کو علاقائی تعاون کی ماڈل تنظیم بنانے میں فعال کردار ادا کرنے پراتفاق کیا۔
ملاقات کے دوران صدر ممنون نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور صدر عبداللہ یامین عبدالقیوم کا دورہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
صدر ممنون نے مالدیپ کے صدر سے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سیاحت، تعلیم، ثقافت اور کھیل کے میدان میں تعاون کومزید فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔
مالدیپ کے صدر آج بروز جمعرات وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔