پاکستانی فلم کانز میلے میں
2015 پاکستانی سینما کے لیے بہت اچھا ثابت ہورہا ہے کیوں کہ اس سال نا صرف متعدد فلمیں ریلیز کی جا رہی ہیں بلکہ کچھ مختصر فلموں پر بھی کام جاری ہے۔
ہدایت کار ریاکا چوہدری کی مختصر فلم 'بات چیت' فرانس کے مشہور سالانہ کانز فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے گی۔
دس منٹ کے دورانیہ پر مشتمل 'بات چیت' میں ثروت گیلانی، جوشندر چگر، فہد مرزا، وسعت اللہ خان اور حماد حسن عسکری شامل ہیں۔
ریاکا چوہدری فلم کی ہدایت کار ہونے کے ساتھ ساتھ پروڈیوسر اور مصنف بھی ہیں۔
رواں سال، اس فلم نے انڈونیشیا میں منعقد ہونے والے دستاویزی اور شارٹ انٹرنیشنل فلم ایوارڈز 2015 میں تین گولڈ ایوارڈز بھی حاصل کئے۔
ڈان سے بات کرتے ہوئے ثروت گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ اس فلم کے کینز فیسٹیول میں شامل ہونے پر بے انتہا خوش ہیں اور اس بات پر فخر محسوس کرتی ہیں کہ پاکستانی اپنی بہترین کارکردگی پر دنیا بھر میں پہچانے جائیں۔
انہوں نے بتایا کہ یہ فلم دو دوستوں کے درمیان چائے پیتے ہوئے شروع ہونے والی بات چیت کا خلاصہ ہے۔
ریاکا نے اس فلم کو بہترین طریقے سے بنایا ہے اور ہر کردار کو اپنی بات ناظرین تک پہنچانے کا پورا وقت ملا ہے ۔
ثروت نے مزید بتایا کہ جب ریاکا نے ان کو فلم کی کہانی سنائی تو انہیں یہ بے حد پسند آٗئی اور انہوں نے اس میں کام کرنے کے لیے فوری طور پر ہاں کردی۔
اس سال کینزفلم فیسٹیول مئی 13 سے 24 تک کے لیے شیڈول کیے گئے ہیں۔