تحریک انصاف کا اسمبلیوں میں واپسی کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) نے قومی و صوبائی اسمبلیوں سے سات ماہ سے جاری پارلیمنٹ کا بائیکاٹ ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کا اعلان کیا ہے ۔
پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سی ای سی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد تحریک انصاف نے پارلیمنٹ میں واپسی کا فیصلہ کرنا تھا اور وہ کل سے شروع ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کل یمن تنازع کے حوالے سے اپنی جماعت کا مؤقف پیش کریں گے۔
عمران خان نے اس موقع پر کراچی میں حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران پیش آنے والے واقعات کی وجہ سے متحدہ قومی موومنٹ پر بھی شدید نتقید کی۔
عمران خان نے کراچی کے علاقے عزیز آباد میں پی ٹی آئی کے انتخابی کیمپ پر حملے کو ایم کیو ایم کی دہشت گردی قرار دیا اور کہا کہ اگر ان کے کسی کارکن کو کچھ ہوا تو وہ برطانیہ میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ کراچی کے دورے پر جا رہیں جس کے دوران وہ ہر اس جگہ جائیں گے جہاں عمران اسماعیل ان کو لے کر جائیں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر اظہر جدون نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ سی ای سی نے اتفاق رائے سے یہ فیصلہ کیا کہ پارلیمنٹ کو واپس جایا جائے۔
جدون کے مطابق تحریک انصاف کے زیادہ تر اراکین اسمبلی اس بات کے حق میں تھے کہ پارلیمنٹ میں واپس جانا چاہیے۔
تبصرے (3) بند ہیں