عمرچیمہ عہدے سے برطرف
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی کی خفیہ دستاویزات میڈیا کو فراہم کرنے کے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث پارٹی عہدیدار کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔
عمران خان نے پارٹی کے تمام سینئر اور دیگر عہدیداروں کو وارننگ دی ہے کہ آئندہ اس قسم کا کوئی بھی پارٹی عہدیدار ایسی حرکت میں ملوث پایا گیا تو سخت کارروائی ہوگی۔
عمران خان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے اندرونی معاملات میڈیا کو فراہم کرنے کی اطلاعات ہیں،تحریک انصاف ایک جمہوری پارٹی ہے لیکن کچھ اندرونی معاملات کا راز افشا کرنا درست نہیں۔
تحریک انصاف کے چیئرمین نے مزید کہا کہ پارٹی کے الیکشن ٹرایبیونل کے دستاویزات بھی میڈیا کو فراہم کیے گئے،کوئی بھی عہدیدار ملوث پایا گیا تو بلاتفریق سخت کارروائی ہوگی۔
واضح رہے کہ عمران خان کے ترجمان عمر چیمہ کو عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔
وہ طویل عرصے سے تحریک انصاف کے ترجمان کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ عمر چیمہ کو تحریک انصاف کی اندرونی صورتحال میڈیا پر لانے پر ہٹایا گیا۔
دوسری جانب عمر چیمہ کا کہنا تھا کہ پارٹی نے ابھی تک عہدے سے ہٹانے سے متعلق آگاہ نہیں کیا۔