ملتان سینٹرل جیل میں ایک مجرم کو پھانسی
ملتان: پنجاب کے شہر ملتان کی سینٹرل جیل میں قتل کے مجرم کو پھانسی دے دی گئی۔
ڈان نیوز کے مطابق نصر اللہ کو ایک شخص کے قتل کے جرم میں پھانسی کی سزاء سنائی گئی تھی۔
جیل ذرائع کے مطابق نصر اللہ نے 1993 میں عدالت میں پیشی پر آنے والے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا۔
مجرم نے ذاتی مخاصمت پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں قتل کیا تھا جس پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ مظفر گڑھ نے ہی نصر اللہ کو پھانسی کی سزاء سنائی تھی۔
نصراللہ کی اعلی عدالتوں میں اپیل مسترد کر دی گئی تھی جبکہ صدر نے بھی رحم کی درخواست منظور نہیں کی تھی۔
واضح رہے کہ 3 ماہ کے دوران 54 افراد کو پھانسی دی جا چکی ہے۔
اس سے قبل 6 سال کے دوران صرف 2 افراد کی سزائے موت پر عملدار آمد ہوا تھا ان دونوں کو بھی فوجی عدالتوں نے پھانسی کی سزاء دی تھی۔
16 دسمبر 2014 کو آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے بعد حکومت نے پھانسی پر غیر اعلانیہ پابندی ختم کی تھی۔
جس کے بعد 19 دسمبر 2014 کو 2 افراد کی سزائے موت پر عملدر آمد کیا گیا تھا۔