سات سال بعد یوم پاکستان کی پروقار تقریب
اسلام آباد: یوم پاکستان آج ملک بھر میں پورے جوش و خروش کے ساتھ منایا جارہا ہے، جس کا آغاز آج نماز فجر کے بعد ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعاؤں سے ہوا۔
یوم پاکستان کے موقع پر آج سات سال کے بعد پریڈ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ آخری مرتبہ یہ پریڈ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دور حکومت میں 23 مارچ 2008 کو منعقد کی گئی تھی، تاہم بعد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس کا انعقاد روک دیا گیا تھا۔
فوجی جوان پریڈ کی ریہرسل کے دوران—۔فوٹو/ آئی این پی |
آج کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں پاک افواج کی پریڈ تھی جس میں پاک آرمی، بحریہ، فضائیہ اور ایف سی کے دستوں نے شرکت کی۔
پریڈ اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں میں نیو پریڈ گراؤنڈ میں منعقد کی گئی، جبکہ اس سے قبل یہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پریڈ ایوینو اور راولپنڈی کے ریس کورس میں منعقد کی جاتی رہی ہے۔
سات سال کے وقفے کے بعد منعقد ہونے والی اس پریڈ میں خواتین کا دستہ بھی شریک ہوا۔ پاک فضائیہ کے جدید طیارے سلامی دینے کے بعد کرتب دکھاتے نظر آئے۔
پریڈ دیکھنے کے لیے گراؤنڈ میں موجود لوگ—۔ڈان نیوز اسکرین گریب |
اس تقریب کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں دو نئی اور خاص چیزیں جدید ترین مسلح ڈرون اور لیزر گائیڈڈ میزائل بھی پریڈ کا حصہ رہے۔
جبکہ بغیر پائلٹ براق طیارہ پہلی بار مسلح افواج کی پریڈ میں شریک ہوا۔
بچوں کی جانب سے ملی نغے
فلائنگ پاسٹ اور پیراٹروپنگ کے شاندار مظاہروں کے بعد بچوں نے خوبصورت قومی نغمے پیش کیے اور حاضرین میں حب الوطنی کا ایک نیا جذبہ جگا دیا۔
اسکائی ڈائیورز فری فال کا مظاہرہ
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر تینوں مسلح افواج کے اسکائی ڈائیورز نے شاندار فری فال کا مظاہرہ کیا۔
ایس ایس جی کمانڈوز کی جانب سے پیرا ٹروپنگ کا شاندار مظاہرہ کیا گیا، جبکہ شیردل فارمیشن نے شاندار فضائی مظاہرہ کرکے داد وصول کی۔
فری فال مظاہرے کے بعد میجر جنرل عابد رفیق نے صدر ممنون حسین کو سبز ہلالی پرچم پیش کیا۔
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
پاک فضائیہ کے جے ایف 17 طیارے کا شاندار فضائی مظاہرہ
کوبرا سمیت دیگر ہیلی کاپٹرز کا فلائی پاسٹ
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
آرمی ایوی ایشن کے مختلف ہیل کاپٹرز بیل، ایم آئی17، کوبرا گن شپ، پوما ہیلی کاپٹرز وغیرہ نے فلائی پاسٹ میں شرکت کی۔
کوبرا ہیلی کاپٹرز کی قیادت لیفٹیننٹ کرنل منیر نے کی۔
واضح رہے کہ کوبرا ہیلی کاپٹرز کا سوات آپریشن اور شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن ضرب عضب میں اہم کردار رہا ہے۔
ثقافتی فلوٹس کا مظاہرہ
یوم پاکستان پریڈ میں ملک کے ثقافتی فلوٹس بھی شریک رہے۔ سب سے پہلے آزاد کشمیر کا ثقافتی فلوٹ سلامی کے چبوترے کے سامنے سے گزرا ۔
جس کے بعد بلوچستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے ثقافتی فلوٹس نے بھی سلامی پیش کی۔
ایک خاص بات یہ رہی کہ پہلی مرتبہ سائنسی فلوٹ بھی یوم پاکستان پریڈ میں شامل کیا گیا۔
ٹینکوں کی سلامی
الخالد اور الضرار ٹینکوں سمیت پاکستان آرمی کے مختلف ٹینکوں نے مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
مہمانوں کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے ٹینکوں کی توپوں کا رخ زمین کی جانب کر دیا گیا تھا۔
ایئر چیف مارشل کی فلائی پاسٹ کے بعد واپسی
پاکستان ایئرفورس کے جیٹ طیارے کی جانب سے مظاہرہ کیا جارہا ہے—۔ڈان نیوز اسکرین گریب |
ایئر چیف مارشل سہیل امان فلائی پاسٹ کی قیادت کے بعد مہمانوں کے چبوترے پر واپس پہنچ گئے، جہاں صدر مملکت، وزیراعظم، آرمی چیف اور وزیر دفاع سمیت دیگر مہمان یوم پاکستان پریڈ کا معائنہ کر رہے تھے۔
مسلح افواج کا مارچ پاسٹ
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
پاکستان آرمی، ایئر فورس، نیوی، فرنٹیئر کورپس، رینجرز، پولیس، بوائز اسکاؤٹس اور گرلز گائیڈ کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا اور مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔
پریڈ کمانڈر بریگیڈیئر خرم سرفراز نے پریڈ اور میجر احسن منصور نے علم بردار دستے کی قیادت کی۔
پریڈ میں الخالد ٹینک، الضرار ٹینک فائر فائنڈر ریڈار، پاک بحریہ کے ہوور کرافٹ، بابر کروز میزائل دستے اورپاکستان آرمی کی خواتین نے بھی سلامی دی ۔
میجر میمونہ کی قیادت میں خواتین کے دستے نے سلامی کے چبوترے کے سامنے سلامی پیش کی، اس موقع پر لوگ خواتین کے جذبہ سے متاثر نظرآئے۔
صدر ممنون حسین کا خطاب
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
اس موقع پر انھوں نے شاندار پریڈ پرفخرکا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری منزل ترقی یافتہ پاکستان ہے اورہم اپنے بزرگوں کے نقش قدم پر چل کر ملک کو مسائل کے کے بھنور سے نکالیں گے۔
صدر نے نسلی ، لسانی اور دیگر تعصبات سے پاک پاکستان بنانے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ پاکستان کا سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سربلند رہے گا۔
آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو سلام پیش کرنے کے ساتھ ساتھ صدر مملکت نے ہندوستان کے ساتھ بہتر تعلقات اور مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر کا کہنا تھا کہ ہم ہندوستان کے ساتھ دوستی کے خواہشمند ہیں اور مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن کی بنیاد ہوگا۔
وزیر اعظم نواز شریف کی ترجیحات درست قرار دیتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہماراتعلق اُس قوم سے ہے جس نے ہرطرح کے مصائب کا بہادری سے سامنا کیا اور دہشت گردی کا خاتمہ اب دور نہیں ہے۔
صدر نے اس موقع پر قوم کو پاکستان کی سمندی حددو میں اضافے کی نوید بھی سنائی۔
پاک فضائیہ کے سربراہ کی فلائی پاسٹ کی قیادت
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
جبکہ پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا ، جس کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرمارشل سہیل امان نے کی۔
فلائی پاسٹ میں ایف 16 ،جے ایس 17 اور میراج طیاروں نے شرکت کی ۔
صدر کو سلامی
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
صدر مملکت ممنون حسین نے مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے پریڈ کا معائنہ کیا، پاک فضائیہ کی جانب سے صدر مملکت ممنون حسین کو روایتی سلامی پیش کی گئی۔
آرمی چیف، صدر اور وزیراعظم کی آمد
اس موقع پرچیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف، صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف اور وزیر دفاع خواجہ آصف بھی پریڈ دیکھنے کے لیے موجود تھے۔
صدر ممنون حسین صدارتی بگھی میں بیٹھ کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا، جس کے بعد قومی ترانہ ہوا۔
گارڈز کی تبدیلی
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
کراچی میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار اور لاہور میں شاعرِ مشرق علامہ اقبال کے مزار پر پاک فضائیہ کے دستوں نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
لاہور میں مزارِ اقبال میں گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں بیس کمانڈر لاہور ائرکموڈور حامد فراز تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ انہوں نے مزار اقبال پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔
توپوں کی سلامی
ڈان نیوز اسکرین گریب—۔ |
آج کے دن کا آغاز وفاقی اور صوبائی دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی سے ہوا۔
دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
آتش بازی کا مظاہرہ
لاہور کے مینار پاکستان کا ایک منظر—۔فوٹو/ آن لائن |
یومِ پاکستان کے سلسلے میں رات کو ملک کے مختلف شہروں میں آتشبازی کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔
سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات
اسلام آباد کے کورل چوک پر 23 مارچ پاکستان ڈے کی مناسبت سے بل بورڈ لگایا گیا ہے—۔فوٹو/ آن لائن |
یوم پاکستان پر مسلح افواج کی پریڈ کےلیے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی اور شہر میں بھاری گاڑیوں کا داخلہ بند کردیا گیا۔
جبکہ پریڈ گراؤنڈ جانے والے تمام راستوں کو دوپہر ایک بجے تک عام ٹریفک کے لیے بند رکھنے کے اعلان کے ساتھ ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کردیا گیا
جبکہ پریڈ ایونیو کے گرد و نواح میں موبائل فون سروس بھی 8 گھنٹے تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا، جسے دن 2 بجے بحال کردیا گیا۔
صدر اور وزیراعظم کے قوم کے نام پیغامات
یوم پاکستان پر صدر مملکت نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ عظیم مفکرین اورسیاسی رہنماؤں نے ایک آزاد ریاست کےلیے جدوجہد کی اور قائد اعظم کی ولولہ انگیزقیادت میں قیام پاکستان کے خواب کی تعبیر حاصل ہوسکی۔
وزیر اعظم نواز شریف نے امن یکجہتی اورسماجی انصاف کے اصولوں پر کاربند رہنے کاعزم دہراتے ہوئے کہا کہ قائدکاپاکستان آج مختلف مشکلات میں گھرا ہوا ہے۔ لیکن اسے کوئی طاقت نقصان نہیں پہنچاسکتی، کیونکہ ملک کی بہادر افواج ہر خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
تبصرے (2) بند ہیں