• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

سیالکوٹ سے لاہور ایکسپریس وے بنانے کا اعلان

شائع March 21, 2015
وزیراعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
وزیراعظم نواز شریف—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

سیالکوٹ: وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ سے لاہور ایکسپریس وے بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

ہفتے کو سیالکوٹ میں ایوان صنعت وتجارت سے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف نے سیالکوٹ سےعقیدت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہر مسلم لیگ (ن) کا گڑھ رہا ہے اور پاکستان میں سیالکوٹ کا اپنا ایک الگ مقام ہے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر سیالکوٹ سے لاہور ایکپسریس وے بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت مستحکم ہورہی ہے اور سیالکوٹ میں سرمایہ کاری سے بہت فائدہ ہوگا ۔

اس موقع پر وزیراعظم نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے دورِ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ترقی ہمیشہ جمہوری دور میں ہوئی جبکہ آمریت میں پاکستان ہمیشہ پیچھے گیا، لیکن کوتاہیاں ہمیشہ صرف سیاست دانوں کی بتائی جاتی ہیں، آمروں کی نہیں۔

اپنے دور حکومت میں ملک میں موٹر ویز کا جال بچھانے کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موٹروے مارشل دور میں نہیں بنے جبکہ سیاستدانوں پر ہمیشہ الزام لگائے گئے۔

وزیراعظم نے سابقہ حکومتوں پرتنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ 1999 میں ان کے دور حکومت میں ملک میں بجلی وافر مقدار میں دستیاب تھی، لیکن 1999 کے بعد سے کون سے ترقیاتی کام ہوئے ؟

ملک کو درپیش توانائی بحران کو وزیراعظم نے سب سے بڑا چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کا مسئلہ نہ ہم نے پیدا کیا اور نہ یہ ایک دن میں حل ہوسکتا ہے، اس کے خاتمے میں وقت لگے گا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ بجلی کی قیمت کم کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستان سے بجلی کی قلت کا خاتمہ کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے ایل این جی سے 3 ہزار 600 میگا واٹ بجلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور چین سے بھی 4 ہزار میگاواٹ بجلی خریدی جارہی ہے، جبکہ ملک میں جاری مختلف پروجیکٹس سے بھی 7 ہزار میگاواٹ بجلی بنارہے ہیں۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ 2017 کے آخرتک 10 ہزار میگا واٹ اضافی بجلی سسٹم میں شامل کردی جائے گی، جس سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہوگا اور بتدریج بہتری آئے گی۔

ملک کے معاشی اشاریئے میں بہتری کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی معاشی اداروں نے بھی پاکستان کی ترقی کا اعتراف کیا ہے۔

شہر قائد میں رینجرز آپریشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی آپریشن کسی سیاسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہورہا ہے۔

وزیراعظم نے کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک سے بندوق کلچر کا خاتمہ کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی سمیت پورے ملک میں دہشت گردی کا خاتمہ حکومت کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کے حوالے سے کہا کہ اس آپریشن نے دہشت گردوں کی کمر کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔

'کراچی میں قیام امن کیلئے پہلے بھی گورنر راج لگا چکے ہیں'

ہفتے کو سیالکوٹ میں مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کراچی کے امن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کراچی کی روشنیوں کو برباد کیا گیا تاہم اصولوں پرسمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں دہشت گردی شروع ہونے کی وجوہات پر غور کرنے کی ضرورت ہے کہ وہاں کیوں اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ کا آغاز ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ 1999 میں کراچی میں حکیم سعید کا قتل ہوا تو قیام امن کے لیے اپنی صوبائی حکومت ختم کرکے گورنر راج لگا دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں کسی بھی قسم کا خون خرابہ برداشت نہیں کریں گے، کیونکہ قوم نے قیام امن اور مسائل حل کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔

وزیراعظم نے سیالکوٹ اور اس کے عوام سے خصوصی لگاؤ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ سیالکوٹ سے لاہور ایکسپریس وے 3 سال میں مکمل ہوجائے۔

وزیراعظم نے اپنی حکومت کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت نے بڑے بڑے مسائل پر ہاتھ ڈالا ہے۔ ہم نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی اور ان کا نیٹ ورک تباہ کردیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Shah Mar 21, 2015 05:41pm
Sialkot say Lahore Motorway bun raha hay, Koi nawab sha aur skhar ko bi Karachi say milay

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024