'فوج،رینجرز کے خلاف ہرزہ سرائی ناقابل برداشت ہے'
اسلام آباد: وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے نائن زیرو پر چھاپے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کی فوج اور رینجرز کیخلاف ہرزہ سرائی کو ناقابل برداشت قرار دے دیا ہے۔
وزارت داخلہ کے جانب سے جاری ایک بیان میں چودھری نثار کا کہنا تھا کہ یہ کیسی منطق ہے کہ ایک روز فوج کے حق میں اور اگلے ہی روز اس کیخلاف قابل مذمت زبان استعمال کی جائے۔
مزید پڑھیں: نائن زیرو سے نیٹو اسلحہ برآمد، ولی بابر کا قاتل گرفتار
وزیرداخلہ نے کہا کہ اس قسم کا رد عمل دے کر قانون کا مذاق نہ اڑایا جائے، پاکستان کی عدلیہ آزاد ہے، اگر ایم کیو ایم کا موقف درست ہے تو وہ عدالتوں سے رجوع کرے۔
ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کے بیانات پر وزیرداخلہ نے سوال کیا کہ کیا دنیا کے کسی اور ملک میں اپنی ہی فوج کےخلاف اس قسم کی زبان کی اجازت ہے، جو ایم کیوایم کی جانب سے استعمال کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی فوج ہے دہشت گردی کیخلاف جس کی قربانیوں کی ایم کیو ایم باربار تعریف کرتی رہی ہے۔
وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ یہ وہی فوج ہے جس کیساتھ نو سال تک ایم کیو ایم اقتدار میں شراکت دار رہی ہے، کراچی کو فوج کے حوالے کرنے کا مطالبہ خود ایم کیو ایم کی جانب سے کیا گیا تھا۔
تبصرے (1) بند ہیں