ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح
ملتان: وزیراعظم نوازشریف نے ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے نئے ٹرمینل کا افتتاح کردیا۔
ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ 9 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے اور ملتان ایئرپورٹ پر بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو بڑی سہولت ملے گی۔
یہ منصوبہ موجودہ ایئرپورٹ کی توسیع کے لیے شروع کیا گیا ہے تاکہ بیرون ملک سے مسافر اور کارگو پروازیں براہ راست آجا سکیں۔
ملتان سے بین الاقوامی کارگو پروازوں سے پھلوں خصوصاً آموں کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
یہاں ایک کارگو کمپلیکس بھی تعمیر کیا گیا ہے جہاں پر دس ہزار ٹن سبزیاں اور پھل ذخیرہ اور محفوظ کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
سول ایوی ایشن (سی اے اے) حکام کے مطابق ملتان سے براہ راست پروازیں چلانے کے لیے کئی بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے درخواستیں دے رکھی ہیں۔
پیر کو وزیراعظم نواز شریف نے تختی کی نقاب کشائی کرکے ملتان ایئر پورٹ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا۔
وزیراعظم نواز شریف خطاب کے دوران—۔ڈان نیوز اسکرین گریب |
افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملتان ایئرپورٹ کو وسعت دے کرعوام کا دیرینہ مطالبہ پوراکیا گیا ہے اوراب ملتان کےعوام کو بین الاقوامی سفرکے لیے کراچی یا لاہورنہیں جانا پڑے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی کے لیے موٹرویز اور ایئرپورٹس کی شدید ضرورت ہے اور ملتان ایئرپورٹ سے ملکی برآمدات کوفروغ حاصل ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل کی منصوبہ بندی5 سال کے لیے نہیں بلکہ 25 برسوں کے لیے ہونی چاہیے، یہی وجہ ہے کہ ملتان کی ترقی کے لیے 29 ارب روپےکے منصوبے شروع کیے گئے ہیں۔
افتتاحی تقریب میں سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما یوسف رضا گیلانی کی شرکت کو وزیراعظم نے باعث عزت قرار دیا۔
وزیراعظم نوازشریف کے ملتان پہنچنے پران کا پرتپاک استقبال کیا گیا، ان کی گزرگاہ پر ڈھول تاشے والے فنکارموجود تھے جنہوں نے اس موقع پر اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
افتتاح کےموقع پر ایئرپورٹ اور اس کے اطراف سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔