نبیل گبول مستعفی: 'ایم کیو ایم اور میں مس فٹ تھے'
اسلام آباد: رکن قومی اسمبلی اور سینئر سیاست دان نبیل گبول نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) اور اسمبلی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے استعفیٰ دیا جبکہ وہ اور ایم کیو ایم 'مس فٹ' تھے اور اسی وجہ سے استعفیٰ دیا۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم میں گراؤنڈ قومی سطح کا نہیں ہے جس پر میں کھیلنا چاہتا ہوں۔
نبیل گبول نے کہا کہ ان کے اور ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے بہت اچھے تعلقات ہیں، پارٹی لیڈرشپ کو 15 روز پہلے ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔
دوسری پارٹی میں شمولیت کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بکری نہیں ہوں کہ کوئی بھی اپنی طرف کھینچ لے گا۔
نبیل گبول نے کہا کسی مائی کے لعل میں ہمت نہیں جو کراچی میں میرے ساتھ زبردستی کرے، اگر کوئی دھمکی دینا چاہتا ہے تو دے کر دیکھ لے، میرے پیچھے عوام ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 27سال قومی اسمبلی کا ممبر رہا، عنقریب بڑی سیاست کروں گا۔
نبیل گبول مارچ 2013 میں 25 سال تک پاکستان پیپلز پارٹی سے وابستہ رہنے کے بعد ایم کیو ایم میں شامل ہوئے تھے۔
پارٹی چھوڑتے وقت انہوں نے پیپلز پارٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ اس کے دور حکومت میں لیاری کو تباہ کر دیا گیا اور اب پی پی پی بے نظیر بھٹو کی جماعت نہیں رہی۔
تبصرے (1) بند ہیں