لوڈ شیڈنگ 2020 تک رہے گی، نیپرا
اسلام آباد: بجلی اور توانائی کی نگرانی کے قومی ادارے نیپرا کا کہنا ہے کہ ملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ 2020 تک بھی ختم ہونے کا امکان نہیں ہے۔
نیپرا کی جانب سے اس بات کا انکشاف اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ 2014 میں کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 480 ارب روپے کی ادائیگی کے باوجود عوام کو ریلیف نہیں ملا، حالانکہ نیپرا نے 136ارب روپے کا بوجھ صارفین پر ڈالنے سے انکار کیا۔
نیپرا کے مطابق کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے۔ الیکٹرک کو بھی آئندہ سال 1132 میگا واٹ شارٹ فال کا سامنا رہے گا۔
نیپرا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تقسیم کار کمپنیاں بجلی چوری روکنے اور وصولیاں بہتر بنانے میں ناکام رہیں اور پاورسیکٹر کو متعدد سنگین چیلنجز کا سامنا رہا جب کہ اضافی بلنگ پر تقسیم کار کمپنیوں اور کے الیکٹرک کو جرمانے بھی کیے گئے۔
اسٹیٹ آف انڈسٹری رپورٹ کے مطابق نیپرا حکومت کے سستی بجلی پیدا کرنے کے اقدامات کو سپورٹ کررہی ہے اور صنعتوں کو براہ راست بجلی فروخت کرنے کی اجازت جلد دے دی جائے گی۔
نیپرا کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل، کے الیکٹرک کو 300 میگاواٹ بجلی کم کرنے کی منظوری دے چکی ہے لیکن کے الیکٹرک نے کونسل کے فیصلے کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے حکم امتناع حاصل کررکھا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیپرا کو بھی مختلف مقدمات کا سامنا ہے تاہم ادارے کی جانب سے کسی قسم کا ایکولائزیشن سرچارج کبھی عائد نہیں کیا گیا۔
تبصرے (2) بند ہیں