• KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:05pm
  • LHR: Maghrib 6:22pm Isha 7:44pm
  • ISB: Maghrib 6:28pm Isha 7:53pm
  • KHI: Maghrib 6:48pm Isha 8:05pm
  • LHR: Maghrib 6:22pm Isha 7:44pm
  • ISB: Maghrib 6:28pm Isha 7:53pm

درسی کتب میں کرپشن کے خلاف قرآنی آیات کی شمولیت

شائع February 23, 2015
فائل فوٹو/ اے پی—۔
فائل فوٹو/ اے پی—۔

پشاور: کرپشن کی حوصلہ شکنی اور معاشرے میں ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے خیبر پختونخوا ٹیکسٹ بورڈ نے نصاب کی کتابوں میں قرآنی آیات، احادیث اور اقوال شامل کردیئے ہیں۔

اس اقدام کا مقصد معاشرے میں کرپشن کی برائی کے حوالے سے شعور میں اضافہ کرنا ہے۔

سورۃ الحجرات کی آیت نمبر 10، جس میں مسلمانوں کو اتحاد کی تلقین کی گئی ہے، بھی اسکول کی کتابوں میں شامل کی گئی ہے۔ مذکورہ آیت میں فرمایا گیا ہے: 'مسلمان مسلمان بھائی ہیں تو اپنے دو بھائیوں میں صلح کراؤ اور اللہ سے ڈرو کہ تم پر رحمت ہو'۔

یہ آیات و احادیث پہلی سے بارہویں جماعت کی درسی کتب میں شامل کی گئیں ہیں جن کا مقصد کرپشن کی حوصلہ شکنی اور فرقہ واریت کا خاتمہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کتابیں شائع ہو چکی ہیں اور رواں سال اپریل میں نئے تعلیمی سال کے آغاز پر انھیں طلباء میں تقسیم کیا جائے گا۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ درسی کتب میں ان آیات و احادیث کی شمولیت کا فیصلہ قومی احتساب بیورو(نیب) اور ڈائریکٹوریٹ آف ٹیچرز ایجوکیشن کی مشاورت سے کیا گیا۔

یہ آیات و احادیث گزشتہ حکومت کی جانب سے عسکریت پسندی کے خاتمے کے لیے شامل کیے گئے مواد کی جگہ لیں گی اور اس سلسلے میں کرپشن کے خلاف سو سے زائد قرآنی آیات، احادیث اور اقوال زریں کتابوں کے سرورق پر دیئے گئے ہیں۔

نصاب کی کتابوں میں شامل کی گئی سورۃ البقرہ کی آیت نمبر 172 میں فرمایا گیا ہے: 'اے ایمان والو! کھاؤ ہماری دی ہوئی ستھری چیزیں اور اللہ کا احسان مانو اگر تم اسی کو پوجتے ہوتو'۔

جبکہ شامل کی گئی ایک حدیث میں کہا گیا ہےکہ 'حضور اکرم صل اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے کہ رشوت لینے اور دینے والے پر خدا کی لعنت ہو'۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جب طلباء کرپشن کی حوصلہ شکنی کے حوالے سے یہ پیغامات پڑھیں گے تو اس سے ان میں صحیح اور غلط کی تمیز کرنے کا شعور پیدا ہوگا۔

کارٹون

کارٹون : 31 مارچ 2025
کارٹون : 30 مارچ 2025